جمعرات 25 اپریل 2024

ریما خان کورونا ویکسین لگوانے والی پہلی پاکستانی اداکارہ، ویکسین لگواتے ویڈیو بھی جاری کردیں

ریما خان

پاکستان کی معروف اداکارہ ریماخان عالمی وبا کی وجہ بننے والے کورونا وائرس سے بچاؤ کی ویکسین لگوانے والی پہلی پاکستانی اداکارہ بن گئیں۔

ریما خان نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر کی گئی پوسٹ میں اپنے مداحوں اور فالوورز کو کورونا وائرس کی ویکسین لگوانے سے متعلق بتایا۔

ویڈیو میں ریما خان کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ میں آج (19 جنوری کو) کورونا وائرس کی پہلی ویکسین لگوارہی ہوں اور میں ٹھیک محسوس کررہی ہوں۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Reema Khan (@iamreemakhan)

انسٹاگرام پر شیئر کی گئی ریما خان کی اس پوسٹ پر اداکار عمران عباس کی جانب سے تبصرہ کیا گیا ہے۔

عمران عباس نے لکھا کہ آپ کئی طریقوں سے پہلی اور ابتدا کرنے والوں میں سے ہیں، محفوظ رہیں، صحت مند اور خوبصورت رہیں۔

خیال رہے کہ اداکارہ ریما خان ان دنوں امریکا میں اپنے شوہر اور بیٹے کے ساتھ مقیم ہیں اور انہوں نے امریکا ہی میں کورونا وائرس کی ویکسین لگوائی ہے۔

ویکسین سے قبل بھی اداکارہ ریما خان نے بھی ایک ویڈیو اپلوڈ کی تھی جس میں انہوں نے اس حوالے سے بتایا تھا۔

انہوں نے کہا تھا کہ ‘میں کووڈ-19 کی ویکسین لگوانے جارہی ہوں، یہ بہت اہم ہے میری دعا ہے کہ ویکسین جلد از جلد پاکستان بھی آئے’۔

ریما خان نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ تمام لوگ ضرور ویکسین لگوائیں نہ صرف اپنے لیے بلکہ اپنے پیاروں کے لیے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Reema Khan (@iamreemakhan)

خیال رہے کہ ریما خان نے 2011 میں پاکستانی نژاد امریکی ڈاکٹر طارق شہاب کے ساتھ شادی کرکے امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔

شادی کے بعد چند سال تک وہ شوبز سے دور رہیں بعد ازاں انہوں نے شوبز میں واپسی کی اور وہ مختلف تقریبات اور منصوبوں میں بھی دکھائی دیں۔

ریما خان کا ایک بیٹا ہے اور شاندار اداکاری پر مارچ 2019 میں حکومت پاکستان نے ریما کو تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا تھا۔

Facebook Comments