ھفتہ 20 اپریل 2024

کانر میک گریگر کو بڑا جھٹکا، زندگی میں پہلی بار ناک آؤٹ، حالت ایسی ہوگئی کہ چلنے کیلئے لاٹھی کا سہارا لینا پڑگیا

ناک آؤٹ

ابو ظہبی (دھرتی نیوز ڈیسک) مکسڈ مارشل آرٹس (ایم ایم اے) کی 257 ویں فائٹ میں امریکہ کے مکسڈ مارشل آرٹسٹ ڈسٹن پرائر نے مشہور زمانہ آئرش حریف کانر میک گریگر کو دوسرے ہی راؤنڈ میں ناک آؤٹ کرکے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا۔

ابو ظہبی میں ہونے والی فائٹ کے دوسرے راؤنڈ کو شروع ہوئے ابھی دو منٹ اور 32 سیکنڈ ہی ہوئے تھے کہ کانر میک گریگر اپنے حریف کے مکوں کی تاب نہ لاتے ہوئے جنگلے سے جاٹکرائے، اس موقع پر ریفری کو مداخلت کرکے انہیں مزید مکوں سے بچانا پڑا۔

ایم ایم اے لائٹ ویٹ رینکنگ میں جسٹن پرائر دوسرے اور میک گریگر چوتھے نمبر پر ہیں تاہم انہیں اپنے متنازعہ رویے کی وجہ سے دنیا بھر میں جانا جاتا ہے۔

یو ایف سی 229 میں اس وقت پوری اسلامی دنیا کی نظریں بھی اس کھیل کی طرف اٹھ گئی تھیں جب کانر میک گریگر نے اپنے مسلمان حریف حبیب نور محمدوف کے خلاف متنازعہ بیانات دیے تھے، تاہم حبیب نے انہیں شکست سے دوچار کردیا تھا۔

یہاں یہ بھی واضح رہے کہ 32 سالہ کانر میک گریگر اپنے کیریئر میں 27 فائٹس کرچکے ہیں جن میں سے پانچ میں انہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ انہیں کسی حریف نے ناک آؤٹ کیا ہو، باقی چار فائٹس میں انہیں سبمشن کے ذریعے شکست ہوئی۔

https://twitter.com/GomKsm55591/status/1353321929785143296?ref_src=twsrc%5Etfw%7Ctwcamp%5Etweetembed%7Ctwterm%5E1353321929785143296%7Ctwgr%5E%7Ctwcon%5Es1_&ref_url=https%3A%2F%2Fdailypakistan.com.pk%2F24-Jan-2021%2F1241426

سبمیشن ایک ایسا طریقہ ہوتا ہے جس میں ایک کھلاڑی دوسرے کے شکنجے میں اتنی بری طرح پھنس جاتا ہے کہ اسے اپنی زندگی ختم ہوتی نظر آنے لگتی ہے، ایسے میں وہ زمین پر یا حریف کے جسم پر ایک ہاتھ تیزی سے مار کر اپنی شکست تسلیم کرلیتا ہے یعنی کھڑی ہار مان لیتا ہے۔ حبیب نور محمد کے ساتھ مقابلے میں بھی میک گریگر کو سبمشن سے ہی شکست ہوئی تھی۔

 یو ایف سی 257 میں کانر میک گریگر کی داہنی ٹانگ پر چوٹ آئی اور انہیں چلنے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔ ایک ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آئرش فائٹر کو چلنے کیلئے لاٹھی کا سہارا لینا پڑ رہا ہے۔

Facebook Comments