جمعہ 26 اپریل 2024

حکومتی درخواست مسترد، موٹر وے پر موٹر سائیکل چلانے کی اجازت برقرار

حکومتی درخواست مسترد، موٹر وے پر موٹر سائیکل چلانے کی اجازت برقرار

سپریم کورٹ نے موٹر وے پر موٹرسائیکل (ہیوی بائیک) چلانے کی اجازت کے خلاف حکم امتناع جاری کرنے کی حکومتی درخواست مسترد کردی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے موٹروے پر موٹرسائیکل چلانے کی اجازت دی تھی اور اس فیصلے کو اب سپریم کورٹ نے برقرار رکھتے ہوئے حکمِ امتناع جاری کرنے کی حکومتی استدعا مسترد کردی ہے۔

سپریم کورٹ میں سماعت کے دوران جسٹس منصور علی شاہ نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ کیا قانون میں موٹروے پر موٹرسائیکل چلانے پر پابندی ہے؟

جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ موٹروے کے انٹری پوائنٹس پر پابندی کے سائن بورڈز لگائے ہیں۔

جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ ہائی ویز پر تو سائیکلیں بھی چل رہی ہوتی ہیں، جسٹس مشیر عالم بولے کہ حکومت کو اختیار ہے کہ وہ موٹروے پر موٹرسائیکلزکی آمد کوریگولیٹ کرے۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 10 روز کے لیے ملتوی کردی۔

خیال رہے کہ گذشتہ سال اسلام آباد ہائی کورٹ نے بائیکرز کلب کی درخواست پر موٹر وے پر موٹر سائیکل چلانے کی اجازت دینے کا حکم جاری کیا تھا جس کے تحت موٹر وے پر 600 سی سی کی ہیوی بائیک چلانے کی اجازت ہے۔

فیصلے کے خلاف حکم امتناع جاری کرنے کے لیے حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی ہے۔

Facebook Comments