جمعرات 28 مارچ 2024

کون کتنا بکا؟

اسمارٹ فون

ٹیکنالوجی کی دنیا کی مشہور کمپنی ‘ایپل’ 2020 کی آخری سہ ماہی میں سب سے زیادہ اسمارٹ فون فروخت کرنے والی کمپنی بن گئی ہے۔

ایپل کے اسمارٹ فون کی فروخت میں 2020 کی آخری سہ ماہی کے دوران 22 فی صد اضافہ ہوا اور یہ ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

ایپل کے’فائیو جی انٹرنیٹ‘کی سہولت رکھنے والا آئی فون 12 کو صارفین نے بہت پسند کیا ہے۔ چین میں ایپل کے اسمارٹ فونز کی طلب میں اضافہ ہوا ہے۔

ریسرچ فرم انٹرنیشنل ڈیٹا کارپوریشن کے مطابق2020 کی آخری سہ ماہی میں ایپل کے اسمارٹ فونز کی فروخت9 کروڑ سے زائد تک پہنچ گئی ہے جو کسی بھی سہ ماہی میں کمپنی کی سب سے زیادہ فروخت ہے۔

ایپل کا موبائل فون کی فروخت کے حوالے سے عالمی مارکیٹ میں 23.4 فی صد حصہ رہا۔  چین، ہانگ کانگ اور تائیوان میں ایپل کے اسمارٹ فونز کی فروخت میں 57 فی صد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ٹم کک کے مطابق چین کی شہری آبادی میں سب سے زیادہ فروخت ہونے والے تین اسمارٹ فونز میں سے دو ایپل کے ہیں۔

سال 2020 کی آخری سہ ماہی میں جنوبی کوریا کی کمپنی سام سنگ کے فونز کی فروخت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ اسمارٹ فونز کی فروخت کے حوالے سے عالمی مارکیٹ میں حصہ 19.1 فی صد رہا جب کہ کمپنی کی ڈیوائسز کی فروخت میں 6.2 فی صد اضافہ ہوا۔ سام سنگ نے ان تین ماہ میں سات کروڑ 39 لاکھ سے زائد فون فروخت کیے۔

چینی کمپنی ہواوے کے فونز کی فروخت گزشتہ سال کے آخری تین ماہ میں چارکروڑ 24 لاکھ سے گر کر تین کروڑ 23 لاکھ  پر آ گئی۔

اگر سالانہ بنیادوں پر دیکھا جائے تو 2020 موبائل فونز کی فروخت کے حوالے سے 2019 سے زیادہ اچھا نہیں رہا۔ گزشتہ سال اسمارٹ فونز کی فروخت میں 5.9 فی صد کمی آئی ہے۔

سال 2019 میں ایک ارب 37 کروڑ سے زائد اسمارٹ فونز فروخت ہوئے تھے جب کہ گزشتہ سال ایک ارب 29 کروڑ فون فروخت ہوئے۔

سام سنگ نے 2020 میں 26 کروڑ 67 لاکھ فون فروخت کیے اور پہلے نمبر پر رہی۔ ایپل نے دوسرے نمبر پر رہتے ہوئے 20 کروڑ 61 لاکھ سے زائد فون فروخت کیے۔

ہواوے 18 کروڑ 9 لاکھ فونز کی فروخت کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہی ہے۔  ہواوے نے 2019 میں 24 کروڑ سے زائد فون فروخت کیے تھے۔

Facebook Comments