بدہ 24 اپریل 2024

پی ڈی ایم سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے: وزیراعظم

وزیراعظم

اسلام آباد(دھرتی نیوز) وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) سے ہمیں کوئی خطرہ نہیں ہے۔

وزیراعظم کی سربراہی میں پارٹی رہنماؤں اور ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں فارن فنڈنگ، سینیٹ الیکشن اور قبضہ مافیا کے خلاف ایکشن پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے 40 ہزار سے زائد ڈونرز کی تفصیلات جمع کروا دی ہیں، فارن فنڈنگ میں دوسری جانب سے کسی ڈونر کی تفصیلات جمع نہیں کرائی گئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ فارن فنڈنگ میں ہمارا دامن صاف ہے، کوئی غیرملکی فنڈنگ حاصل نہیں کی، ن لیگ اور پیپلز پارٹی سمیت دیگر جماعتیں اب الیکشن کمیشن کو اپنا حساب دیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف سیاست میں پیسا لائے اور اسامہ بن لادن سے پیسے لیے، قبضہ مافیا کے ذریعے نواز شریف نے اپنی اے ٹی ایم بنائی، کھوکھر برادران ن لیگ کے اے ٹی ایم ہیں۔ انہوں نے لاہور میں قبضہ مافیا کے خلاف سخت اقدامات کی ہدایت بھی کی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات شفاف بنانے کے لیے ترمیم کر رہے ہیں، اپوزیشن ترمیم کی مخالفت کرکے خود کو بےنقاب کر رہی ہے،

پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم کے غبارے سے ہوا نکل چکی ہے، ہمیں ان سے کوئی خطرہ نہیں ہے۔

اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے خیبرپختوخوا حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ کے پی اپنے ہر شہری کو یونیورسل ہیلتھ کوریج دینے والا پہلا صوبہ بن گیا ہے۔

Facebook Comments