بدہ 24 اپریل 2024

اسلام آباد ہائی کورٹ نے آصف زرداری کو بڑا “ریلیف ” دے دیا

اسلام آباد:(دھرتی نیوز) جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں 8 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشنز سے متعلق کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق صدر آصف زرداری کو بڑا ریلیف دے دیا ہے۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں آصف زرداری کیخلاف جعلی بینک اکاؤنٹس کیس 8.3 ارب روپے کی مشکوک ٹرانزیکشن کیس میں مستقل بنیادوں پر ضمانت سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی، سابق صدر کی جانب سے فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے جبکہ نیب کے جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر عباسی عدالت میں پیش ہوئے۔

سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر نے عدالتی استفسار پر بتایا کہ اس کیس میں ابھی ریفرنس فائل نہیں ہوا، معاملہ تحقیقات کے مرحلے پر ہے، جس پر آصف فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری گرفتاری کے بعد دو ماہ سے زائد ریمانڈ پر رہے، اس دوران نیب کا تفتیشی افسر آصف زرداری سے تفتیش کر سکتا تھا، وہ ابھی بھی شامل تفتیش ہونے کو تیار ہیں، عدالت سے استدعا ہے کہ آصف زرداری کی طبی بنیادوں پر ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست منظور کی جائے۔

وکیل آصف زرداری کی استدعا پر جسٹس محسن اختر کیانی نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا آپ کو میڈیکل رپورٹ پر کوئی اعتراض تو نہیں؟ آپ میڈیکل رپورٹ کو جعلی تو نہیں کہہ رہے؟ ماضی میں تو ایسا بھی ہوا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کو ہی جعلی قرار دیا گیا، سوال اب یہ ہونا چاہیے کہ پٹیشنر ضمانت کے بعد کہیں باہر تو نہیں چلا جائے گا؟ فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ آصف زرداری کا نام ای سی ایل میں شامل ہے، وہ باہر نہیں جاسکتے۔

بعد ازاں عدالت عالیہ نے سماعت کے بعد آصف علی زرداری کی طبی بنیادوں پر مستقل ضمانت منظور کرتے ہوئے نیب کو آصف زرداری کی گرفتاری سے روک دیا ہے۔

Facebook Comments