ھفتہ 20 اپریل 2024

بھارتی پولیس نے سنگدلی کی بدترین مثال قائم کردی

نئی دہلی:(دھرتی نیوز ڈیسک) ریاست اتر پردیش کی پولیس نے سنگدلی اور بے حسی کی مثال قائم کردی، رشوت خوری کے لیے معذور خاتون کو بھی نہ بخشا، بیٹی کی تلاش میں سرگرداں معذور ماں سے گاڑی کے فیول کے پیسے لیتے رہے۔

مقامی میڈیا کے مطابق اتر پردیش کے شہر کانپور کی پولیس نے ایسی حرکت کی جس سے پورا محکمہ پولیس شرمسار ہوگیا، کانپور پولیس کے پاس ایک معذور خاتون روزانہ آ کر دہائیاں دے رہی تھی کہ اس کی بیٹی لاپتہ ہے پولیس اسے تلاش کرے۔

پولیس والے اپنی ازلی سنگدلی کے ساتھ اس کی درخواست نظر انداز کرتے رہے اور معذور عورت کو ڈانٹ کر بھگا دیا جاتا۔ کچھ افسران نے معذور خاتون سے کہا کہ وہ ان کی گاڑیوں میں ڈیزل ڈلوا دے تو وہ اس کی بیٹی کو ڈھونڈ دیں گے۔

معذور خاتون نے بحالت مجبوری پولیس والوں کی یہ فرمائش بھی پوری کی اور 10 سے 12 ہزار روپے کا ڈیزل دلوا دیا لیکن پولیس والے ٹس سے مس نہ ہوئے۔

بالآخر ایک دن جب معذور خاتون دوبارہ روتی دھوتی پولیس اسٹیشن پہنچی تو ڈی آئی جی پریتندرسنگھ تھانے میں موجود تھے جو خاتون کی زبانی اپنے افسران کی غفلت کے بارے میں جان کر حیران رہ گئے۔

ڈی آئی جی نے خاتون کی بپتا سننے کے بعد چوکی انچارج کو لائن حاضر کردیا اور اس کے خلاف محکمانہ تحقیقات کا حکم بھی دیا۔

خاتون نے بتایا کہ پولیس والے نہ صرف اس سے بدتمیزی کرتے رہے بلکہ ان کی بیٹی پر بھی رکیک الزامات لگاتے رہے، ڈی آئی جی نے ان کی بیٹی کو ڈھونڈنے کی یقین دہانی کروائی اور پولیس کی گاڑی میں گھر تک پہنچایا۔

بعد ازاں انہوں نے لڑکی کی بازیابی کے لیے 4 چار ٹیمیں بھی تشکیل دیں اور فوری رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

Facebook Comments