جمعہ 19 اپریل 2024

شیخ رشید نے مولانافضل الرحمان کواہم مشورہ دے دیا

راولپنڈی(دھرتی نیوز) وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم کے غصے میں کمی آچکی ہے، مولانا فضل الرحمان اگر سینیٹ الیکشن میں خود حصہ لیں گے تو ان کے غصے میں بھی کمی ہوجائےگی۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا پی ڈی ایم لانگ مارچ یا عدم اعتماد سے آگے نہیں جائے گی، جو کہہ رہے ہیں استعفے دیں گے انہیں اپنے فیصلے پر غور کرنا چاہئے کیونکہ جمہوریت بات چیت سے ہی مضبوط ہوتی ہے۔

 وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ اپوزیشن کو سینیٹ اوپن بیلٹ الیکشن میں حصہ لینا چاہیے، جس نے الیکشن لڑنا ہوتاہے وہ مارکیٹ میں ہوتا ہے، کیونکہ اسی سینیٹ میں ایک دیوار کے پیچھے جانے سے اپوزیشن کے ووٹ 64 سے 44 ہوگئے تھے۔ اپوزیشن سے توقع رکھتا ہوں کہ عقل کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑیں گے۔

شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں ووٹوں کی خرید و فروخت نہ ہو، ارکان اسمبلی میں جرات ہو وہ سینہ تان کر ووٹ دےسکیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پی ڈی کا مزاج کافی ٹھنڈا ہو چکا ہے ، میرا مشورہ ہے اگر مولانا فضل الرحمان سینیٹ الیکشن میں حصہ لیں گے تو مزید ٹھنڈے ہوجائیں گے۔

Facebook Comments