جمعہ 29 مارچ 2024

یوم یکجہتی کشمیر کی مناسبت سے ملک بھر میں ریلیاں

یوم یکجہتی کشمیر

مقبوضہ وادی میں بھارتی جبروستم سہنے والے مظلوم کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر میں ریلیاں نکالی گئیں۔ ریلیوں کے شرکا نے کشمیریوں کے حق میں نعرے لگائے۔

ریلیوں میں سارا پاکستان یک زبان، کشمیر بنے گا پاکستان کے نعرے لگائے گئے اور عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا گیا۔ 

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کی زیر قیادت اسلام آباد میں دفتر خارجہ سے پارلیمنٹ ہاؤس تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سمیت  وفاقی وزرا نے شرکت کی۔

ریلی کے شرکا نے کشمیریوں کی حمایت میں اور بھارت مخالف نعرے لگائے۔ اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی جبر کے آگے کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام عزم وہمت سے بھارتی جبر کا سامنا کر رہے ہیں، ہمیں یقین ہے کہ ہمیں اورکشمیریوں کوکامیابی ملےگی، آج عالمی سطح  پرمسئلہ کشمیر کا نوٹس لیا جا رہا ہے۔ 

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کشمیر کے مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کے لیے واک میں شرکت کی۔ واک پیپلز سیکریٹریٹ سے مراز قائد وی آئی پی گیٹ تک جاری رہی۔

انہوں نے ریلی سے خطاب کے دوران کہا کہ بھارت کشمیریوں پر بدترین ظلم کر رہا ہے، مسئلہ کشمیر پورے خطے کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتا ہے۔ 

پشاور میں یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے ریلی نکالی گئی۔ گورنر ہاؤس تک نکالی گئی ریلی کی قیادت وزیراعلی خیبر پختونخوا محمود خان نے کی۔

ریلی کے شرکا کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ وادی میں بھارتی مظالم رکوانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔

مقبوضہ  کشمیر کے باسیوں نے یومِ یکجہتی کشمیر کے موقع پر پاکستان سے محبت کا اظہار کیا اور پاکستانی پرچم گھروں اور گلیوں میں لگا دیئے۔ 

Facebook Comments