بدہ 24 اپریل 2024

بھارت میں کسانوں کا احتجاج، سلمان خان بھی میدان میں آگئے، ایسا موقف کہ مداح مایوس ہوجائیں

ممبئی (دھرتی نیوز ڈیسک) بھارت میں جاری کسانوں کے احتجاج پر دبنگ اداکار سلمان خان نے بھی خاموشی توڑ دی۔

کسانوں کے احتجاج پر بالی ووڈ اداکاروں کی اکثریت نے خاموشی اختیار کی ہے تاہم جن لوگوں نے اس معاملے پر آواز اٹھائی ہے وہ حکومت کے حق میں ہی بولے ہیں۔ اس بارے میں بالی ووڈ کے تینوں خان اب تک خاموش تھے تاہم گزشتہ شب سلمان خان صحافیوں کے ’ہتھے‘ چڑھ گئے۔

میوزک لانچ کی تقریب کے دوران صحافیوں نے سلمان خان سے کسان احتجاج کے بارے میں سوالات پوچھے، جس پر انہوں نے انتہائی محتاط انداز میں نپے تلے الفاظ کا استعمال کرتے ہوئے لب کشائی کی۔

 صحافی نے سوال پوچھا کسان احتجاج کر رہے ہیں، بہت سے لوگ اس پر رائے دے رہے ہیں، آپ اس بارے میں کچھ کہیں گے؟ اس پر سلمان خان نے کہا ’ ہاں کہوں گا، ضرور کہوں گا، جو ٹھیک ہے وہی ہونا چاہیے، جو سب سے ٹھیک ہے وہی ہونا چاہیے، جو سب سے بہتر ہے وہی ہونا چاہیے، ہر ایک کے ساتھ صحیح چیز ہونی چاہیے۔‘

خیال رہے کہ بھارت میں کسانوں کو احتجاج گزشتہ برس نومبر سے جاری ہے، تین روز قبل امریکی گلوکارہ ریحانہ نے اس بارے میں ٹویٹ کیا جس کے بعد بہت سی عالمی شخصیات نے اس معاملے پر آواز بلند کی۔ انٹرنیشنل شخصیات کے اس معاملے پر آواز بلند کرنے کو مودی سرکار نے انا کا مسئلہ بنالیا اور اسے بھارت کے اندرونی معاملات میں مداخلت قرار دے دیا۔ بھارتی شہریوں کی جانب سے بھی کسانوں کے حق میں بولنے والوں پر کڑی تنقید کی جا رہی ہے، اب سلمان خان کے ساتھ کیا سلوک کیا جائے گا؟ یہ آئندہ کچھ دنوں تک واضح ہو ہی جائے گا یا یہ سب اس وقت کھل کر سامنے آجائے گا جب ان کی کوئی فلم ریلیز ہوگی۔

Facebook Comments