جمعہ 29 مارچ 2024

سعودی ولی عہد کا اصلاحات کے حوالے سے بڑا اعلان

سعودی ولی عہد

ریاض(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ مملکت کے عدالتی نظام میں اصلاحات کے لیے نئے اور خاص قوانین بنائے جارہے ہیں۔

غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق نئے قوانین میں دعوؤں کے اثبات، تعزیری سزاؤں کیلئے فوجداری قانون، شہری امور کا قانون اور عائلی امور کا قانون شامل ہے۔

شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ حالیہ برسوں کے دوران سعودی عرب نے قانونی اصلاحات کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائے، حقوق کے قوانین میں اصلاحات کی گئیں اور دیگر نئے قوانین بنائے، اسی طرح انصاف، شفافیت اور انسانی حقوق کے تحفظ کے اصول استوار کیے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان دنوں عائلی امور کے قانون کا مسودہ تیار کیا جارہا ہے، جسے متعلقہ ادارے جلد منظور کرلیں گے، عالمی سطح پر مسابقت کے سلسلے میں سعودی عرب کی پوزیشن مضبوط بنائی گئی۔

سعودی ولی عہد نے کہا نئے قوانین نظر ثانی کے لیے مجلس شوریٰ بھیجے جائیں گے جس کے بعد رائج الوقت قوانین کے تحت نئے اصولوں کا نفاذ یقینی بنایا جائے گا، یہ سلسلہ ملک میں اصلاحات کی نئی لہر پیدا کرے گی۔

محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ اصلاحات کے ذریعے انصاف کا نظام مزید مضبوط ہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مجوزہ قوانین نہ ہونے کی وجہ سے کئی مسائل دیکھے گئے، انصاف کی فراہمی متاثر ہوئی، مقدمات میں تاخیر کا سامنا کرنا پڑا، نئے قوانین کے اجرا کی صورت میں اس قسم کے واقعات دوبارہ نہیں ہوں گے۔

Facebook Comments