جمعرات 25 اپریل 2024

علی سدپارہ اور ساتھیوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن تاخیر کا شکار

علی سدپارہ

قوم کے ہیرو علی سدپارہ اور ان کے ساتھیوں کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن تاخیر کا شکار ہو گیا ہے۔ 

صوبائی حکومت کے مطابق موسم صاف ہونے پر آج سی ون 30 جہاز اور جدید کیمروں کی مدد سے آٹھ ہزار میٹر کی بلندی پر لاپتہ کوہ پیماؤں کی تلاش کی جائے گی۔

جہاز میں نصب جدید ترین کیمرے سے پورے ڈیتھ زون کی عکس بندی کی جائے گی۔

علی سدپارہ کے بیٹے اور موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی میں والد کے ساتھ حصہ لینے والے  ساجد سد پارہ سمیت دو مقامی کوہ پیما بھی سرچ آپریشن میں  حصہ  لیں گے۔

کوہ پیماوں کا آخری بار رابطہ 8 ہزار 2 سو میٹر بلندی پر بوٹل نک سے ہوا تھا۔ موسم سرما میں دنیا کی دوسری بلند ترین چوٹی کے ٹو کو سرچ کرنے کی مہم پر روانہ کوہ پیماؤں کو لاپتہ ہوئے چار روز بیت گئے ہیں۔

کے ٹو اور بلترو کے علاقے میں موسم خراب ہونے کے باعث سرچ آپریشن میں مشکلات کا سامنا ہے۔

قبل ازیں لاپتہ کوہ پیما محمد علی سدپارہ کے صاحبزادے ساجد سد پارہ نے اپیل کی تھی کہ قوم ان کے والد محمد علی سدپارہ اور ان کی ٹیم کی بحفاظت واپسی کے لیے دعا کرے۔

ساجد پارہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے محمد علی سدپارہ سے آخری ملاقات بوٹلنیک پہ کی تھی اور وہیں سے انہیں اوپر کی جانب جاتے ہوئے بھی دیکھا تھا۔ وہ پر امید تھے کہ ان کے والد نے کے ٹو کی چوٹی سر کرلی ہوگی۔

Facebook Comments