جمعرات 28 مارچ 2024

کورونا وائرس، سعودی عرب میں پابندیوں کی مدت میں مزید کتنا اضافہ کر دیا گیا ؟ بڑی خبر آ گئی

ریاض (دھرتی نیوز ڈیسک) سعودی وزارت داخلہ نے کورونا وائرس کے انسداد کے لیے اختیار کی جانے والی سخت حفاظتی تدابیر میں 20 دن کی توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی شرح کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ معاشرے کی سلامتی اور سابقہ کوششوں کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے ضروری ہے کہ حفاظتی تدابیر میں مزید توسیع کی جائے۔

کورونا کے انسداد کے لیے قائم کمیٹی اور وزارت صحت کی طرف سے موصول ہونے والی رپورٹ کے بعد اتوار رات 10 بجے سے حفاظتی تدابیر میں مزید 20 دن کا اضافہ کر دیا ، اس طرح حفاظتی تدابیر کل 30 دن تک محیط رہیں گے۔ وزارت داخلہ نے کہا ہے کہ نئے فیصلے کے مطابق ہر طرح کی سماجی تقریبات میں شرکا کی زیادہ سے زیادہ تعداد 20 ہوگی۔

تمام معاشرتی اور اور تفریحی سرگرمیوں پر مکمل پابندی رہے گی۔ سینما گھر، ان ڈور تفریحی مراکز، کھیلوں کے مراکز خواہ الگ سے قائم ہوں یا ریستورانوں یا شاپنگ مالز کے اندر ہوں، یہ سب بند رہیں گے۔تمام ریستورانوں، کیفے سینٹرز اور کھانے پینے کے تمام مراکز میں ٹیبل سروس پر مکمل پابندی ہے، گاہکوں کو صرف پارسل فراہم کیا جاسکتا ہے۔

وزارت داخلہ نے کہاہے کہ معاشرے کے تمام افراد کو ہدایت کی جاتی ہے کہ سابقہ بیان کی پابندی کرتے ہوئے میتوں کی تجہیز و تکفین اور تعزیتی اجتماعات میں ہدایات پر عمل کیا جائے۔ تمام فیصلوں پر وقفے وقفے سے نظر ثانی کی جاتی رہے گی نیز ملک میں وبا کی شرح کے حساب سے فیصلے کیے جائیں گے۔

Facebook Comments