بدہ 24 اپریل 2024

محمد علی سدپارہ اور ساجد سدپارہ کے لئے سول اعزازات کا اعلان

اسکردو: وزیرسیاحت گلگت بلتستان ناصرعلی خان نے محمد علی سدپارہ اور ساجد سدپارہ کے لئے سول اعزازات کا اعلان کرتے ہوئے کہا اسکردو ائیر پورٹ کو علی سدپارہ سےمنسوب کرنے کی تجویز دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیرسیاحت گلگت بلتستان ناصرعلی خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا حکومت ، پاک فوج اور لواحقین نتیجے پر پہنچےہیں کہ لاپتہ کوہ پیما دنیا میں نہیں رہے، محمد علی سدپارہ اور ساجد سدپارہ کو سول اعزازت سے نوازاجائےگا۔

وزیرسیاحت جی بی کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت کو اسکردو ائیر پورٹ کو علی سدپارہ سےمنسوب کرنے کی تجویز دی ہے، علی سدپارہ کے نام سے کوہ پیمائی کاا سکول قائم کیا جائے گا۔

ناصرعلی خان نے کہا کہ حکومت قومی ہیرو محمد علی سدپارہ کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، حکومت علی سدپارہ کی فیملی کی مالی و اخلاقی معاونت کرے گی اور قومی ہیرو کے بچوں کو تعلیمی سکالرز شپ دی جائیں گی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حادثات کےشکار کوہ پیماؤں کےاہلخانہ کی کفالت کاقانون بنایا جائے گا۔

اس سے قبل پاکستانی کوہ پیما کے بیٹے ساجد سدپارہ نے والد کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا کہ والد اور دیگرکوہ پیماؤں کاکوئی سراغ نہ مل سکا، محمد علی سدپارہ ہم میں نہیں رہے۔

محمد علی سدپارہ کے بیٹے نے سرچ آپریشن میں تعاون پر حکومت اورفوج سے اظہارتشکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں قوم نے حوصلہ دیا، اپنے والد کا مشن جاری رکھوں گا اور ان کا خواب پورا کروں گا۔

Facebook Comments