جمعہ 29 مارچ 2024

پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

پی ڈی ایم

حکومت مخالف اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی اسٹیئرنگ کمیٹی نے حکومت کے خلاف غیر معینہ مدت تک دھرنے کی منظوری دے دی۔

پی ڈی ایم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ کمیٹی اجلاس میں موجود ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ دھرنے کو لانگ مارچ کا نام دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ملک بھر سے قافلے ایک ساتھ اسلام آباد میں داخل ہونں گے۔

ذرائع کے مطابق لانگ مارچ میں شامل ہر جماعت اپنے کارکنوں کا خرچ اٹھائے گی، اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ دھرنے کی جگہ باتھ روم، کھانے اور دیگر انتظامات تمام جماعتوں کی مقامی تنظیمیں اٹھائیں گی جبکہ راولپنڈی اسلام آباد، کے پی، آزاد کشمیر اور نواحی علاقوں کے کارکنوں کو زیادہ تعداد میں لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ لانگ مارچ کی منزل فیض آباد ہو گی یا ڈی چوک؟ اس کا فیصلہ پی ڈی ایم کی پلاننگ کمیٹی کرے گی۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا تھا کہ فیصلہ ہوا ہے حکومت لانگ مارچ کے شرکاء کو جہاں جس شہر میں روکا جائے گا وہ قافلہ وہیں دھرنہ دے دے گا۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم نے 26 مارچ کو لانگ مارچ کا اعلان کر رکھا ہے جس میں ملک بھر سے اپوزیشن جماعتوں کے قافلے شامل ہوں گے۔

Facebook Comments