جمعہ 19 اپریل 2024

علی ظفر کا علی سدپارہ کو شاندار خراج عقیدت، دیکھنے والے آبدیدہ ہوگئے

علی سدپارہ

پاکستانی راک اسٹار علی ظفر نے کے ٹو پر لاپتا ہونے والے پاکستانی کوہ پیماعلی سدپارہ کو گانے کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا ہے۔

علی ظفر نے اپنی پروڈکشن لائٹ اِن گیل کے بینر تلے گانا ‘پہاڑوں کی قسم’ جاری کیا ہے اور اس گانے کے ذریعے گلوکار نے علی سدپارہ کو خراج عقیدت پیش کیا۔

گانے کی ویڈیو میں برف سے ڈھکی آسمان کو چھوتی چوٹیوں کو سر کرنے والے علی سدپارہ کی ماضی کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔

علی ظفر کے گانے کی اس ویڈیو نے مداحوں کو آبدیدہ کر دیا ہے اور اسے اب تک یوٹیوب پر 5 لاکھ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔

دوسری جانب اس گانے کو ریلیز کرنے کے بعد علی ظفر کا نام ٹوئٹر کے ٹرینڈنگ پینل پر ہے اور مداحوں کی جانب سے ان کے گانے کو بہت پسند کیا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ پاکستانی کوہ پیما محمد علی سد پارہ موسم سرما میں کے ٹو سر کرنے کی مہم جوئی میں مصروف تھے اور اس مہم جوئی میں ان کے ساتھ ان کے بیٹے ساجد سدپارہ سمیت غیر ملکی کوہ پیما بھی تھے۔

5 فروری کو ساجد سدپارہ آکسیجن سلینڈر میں مسئلے کے باعث واپس بیس کیمپ آگئے تھے لیکن ان کے والد محمد علی سدپارہ بیس کیمپ سے واپس نہیں لوٹے تھے۔

محمد علی سدپارہ اور غیر ملکی کوہ پیما کی تلاش کے لیے پاک فوج اور دیگر اداروں نے ریسکیو آپریشن بھی کیا لیکن کوہ پیماؤں کا کچھ پتا نہیں چل سکا۔

گزشتہ روز گلگت بلتستان کے وزیر سیاحت راجہ ناصر خان اور علی سدپارہ کے بیٹے ساجد سدپارہ نے پریس کانفرنس کی جس میں ساجد سدپارہ نے اپنے والد کوہ پیما محمد علی سدپارہ کی موت کی تصدیق کی تھی۔

Facebook Comments