منگل 23 اپریل 2024

جرمنی میں وائرس کی نئی قسم تیزی سے پھیل رہی ہے

جرمنی

جرمنی کے وزیرِ صحت جینس سپن نے کہا ہے کہ کرونا وائرس کی برطانیہ میں سامنے آنے والی قسم جرمنی میں تیزی سے پھیل رہی ہے۔ دو ہفتے پہلے کی شرح کے مقابلے میں اس کے کیسز چار گنا زیادہ سامنے آ رہے ہیں۔

برلن میں بدھ کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جینس سپن نے کہا کہ وائرس کی نئی قسم کے پھیلاؤ کی شرح نشان دہی کرتی ہے کہ ہر ہفتے اس کے کیسز کی شرح تقریباََ دگنی ہو جاتی ہے۔

انہوں نے خدشہ ظاہر کیا کہ جلد ہی یہ قسم جرمنی میں غالب آ جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ جب ملک میں پابندیوں کو کم کرنا شروع کیا جائے گا تو جرمنی میں صحت کے حکام کو وائرس کی برطانوی قسم کے حوالے سے غیر معمولی طور پر محتاط رہنا ہوگا۔

انہوں نے توقع ظاہر کی کہ آئندہ دنوں میں جرمنی میں ویکسین کے پروگرام میں نمایاں طور پر تیزی آئے گی۔ ویکسین فراہم کرنے والے مراکز کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ آئندہ ہفتے کے آخر تک انہیں ویکسین کی ایک کروڑ اضافی خوراکیں فراہم کرنی ہیں۔

انہوں نے حفاظتی خدشات کے پیش نظر ویکسین لینے سے گریزاں افراد کو بھی یقین دہانی کرائی کہ جانچ کے سخت عمل کے بعد یورپی یونین کی طرف سے منظور کی جانے والی ویکسین محفوظ اور مؤثر ہے

Facebook Comments