بدہ 24 اپریل 2024

ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا امکان

بارش اور برفباری کا امکان

اسلام آباد(دھرتی نیوز) ملک کے مختلف حصوں میں آج بارش اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں پر بَری ہوائیں اثر انداز ہو رہی ہیں جبکہ مغربی ہواؤں کا ایک کمزور سلسلہ ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں موجود ہے جو اگلے 2 سے 3 دن تک برقرار رہنے کا امکان ہے اور پنجاب کے میدانی علاقوں میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔

بالائی خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور برف باری کا امکان ہے جبکہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں آج موسم سرد اور مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش کا بھی امکان ہے۔ کشمیر میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے۔

گلگت بلتستان میں مطلع ابرآلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش اور برفباری کی توقع ہے جبکہ خیبر پختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اورمطلع ابرآلود رہنے کا امکان ہے۔ دیر، چترال، کوہستان، مالاکنڈ میں بھی ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

مردان، بونیر، پشاور، کرم، سوات اور مانسہرہ میں بھی ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

دوسری جانب سندھ کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا اور پنجاب کے بیشتر اضلاع میں دھند چھائے رہنے کی توقع ہے۔ پنجاب کے دیگر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

مری اور گردونواح میں بھی مطلع ابر آلود ہے اور ہلکی بارش کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں بھی موسم سرد اورخشک رہے گا۔شمالی بلوچستان میں آج مطلع جزوی ابر آلود رہے گا۔

Facebook Comments