جمعہ 26 اپریل 2024

آن لائن بلاگنگ سے پیسے کیسے کماتے ہیں؟

آن لائن بلاگنگ
اکثر اوقات دوستوں کے سوالات موصول ہوتے ہیں جن میں دوست سوال پوچھتے رہتے ہیں کہ آن لائن کمائی کیسے کی جا سکتی ہے، بہت سارے دوست آن لائن کمائی کرنے کے چکر میں جو ان کے پاس ہوتا ہے وہ بھی گنوا بیٹھتے ہیں اور پھر الزام دیتے ہیں ان لوگوں کو جنہوں نے انہیں آن لائن کمائی کے بارے میں تھوڑا بہت بتایا ہوتا ہے۔
ایسا عموما تب ہوتا ہے جب کوئی دوست نیا نیا انٹرنیٹ کی دنیا میں داخل ہوتا ہے اور آتے ہی آن لائن کمائی کرنے کے چکر میں‌پڑ جاتا ہے بلکہ اگر یوں کہا جائے کہ وہ انٹرنیٹ بلاگنگ کی طرف آتا ہی اس لئے ہے کہ وہ آن لائن کمائی کر سکے تو غلط نہ ہو گا۔
ذیل کے مضمون میں کوشش کی جائے گی کہ دوستوں کے آن لائن بلاگنگ کے ذریعے کمائی کے چند طریقوں سے آگاہی دی جائے اگرچہ یہ مکمل احاطہ تو نہیں ہو گا لیکن پھر بھی اس مضمون کو پڑھنے کے بعد آپ لوگ کچھ نہ کچھ اس بارے میں جان ضرور جائیں گے۔
سب سے پہلی بات تو یہ ذہن میں رکھیں کہ جس طرح عام زندگی میں پیسے کمانا آسان نہیں ہے اسی طرح آن لائن پیسے کمانا بھی بالکل آسان نہیں ہے، جو شخص آپ کو یہ سمجھانے کی کوشش کرے کہ آن لائن پیسے کمانا بہت آسان ہے تو سمجھ لیں کہ وہ بالکل جھوٹا ہے اور آپ کی محنت اور پیسہ برباد کروانے کے علاوہ آپ کے اور کسی کام نہیں آ سکتا ہے۔
انٹرنیٹ سے پیسے کمانے کے خواہشمند افراد کی اکثریت کو شروع میں پیسے کمانے کے لئے ایڈ کلک، ایڈ پوسٹنگ اور اسی طرح کے دوسرے طریقوں کے بارے میں بتایا جاتا ہے اور اگر کسی نے اپنی کوئی چھوٹی موٹی ویب سائیٹ بنا رکھی ہے تو اسے مشورہ دیا جاتا ہے کہ وہ اپنی ویب سائیٹ پر گوگل ایڈز لگائے اور مختلف طریقوں سے ان ایڈز پر کلک کروائے اور پیسے کمائے۔ یاد رہے ایسے تمام طریقے بالکل غلط اور جھوٹ پر مبنی ہیں اور ان طریقوں سے نہ صرف کوئی دیرپا کمائی نہیں ہو سکتی ہے بلکہ آپ کی ویب سائیٹ پر پابندی بھی لگ سکتی ہے، آئے دن مختلف قسم کی ویب سائیٹس ایسے دعوؤں کے ساتھ منظرِ عام پر آتی رہتی ہیں جن پر صارفین کو رجسٹریشن حاصل کرنے کے بعد کمائی کا جھانسا دیا جاتا ہے بلکہ بعض تو روزانہ چند گھنٹے کام کرنے پر سو ڈالر سے لے کر ہزار ڈالر تک کی آمدن کے وعدے کرتی نظر آتی ہیں، ایسی اکثر ویب سائیٹ پر رجسٹریشن فیس ادا کرنا پڑتی ہے اور پھر وہ اپنے صارفین کو مختلف ٹاسک دیتے ہیں جنہیں پورا کرنے پر کمائی ہوتی ہے یہ ٹاسک ہمیشہ کچھ لنکس کھولنے، کچھ ایڈز پوسٹ کرنے یا کچھ ویب سائیٹس پر کچھ لکھنے کے متعلق ہوتے ہیں، ان ویب سائیٹس کے مالکان کو دہری کمائی ہوتی ہے ایک تو صارفین سے رجسٹریشن فیس کی وصولی اور اس کے بعد یہ ایک پورا نیٹ ورک چلاتے ہیں جو عموما فیک ایڈ پوسٹ یا ایڈ کلک کرواتے ہیں جن سے انہیں تو آمدن ہونے کی توقع ہوتی ہے لیکن چند دن یا چند ہفتے بعد یہ ویب سائیٹس بند ہو جاتی ہیں جس سے صارفین کی نہ صرف اصل کمائی لٹ جاتی ہے بلکہ اگر انہوں نے اس ویب سائیٹ کے ڈیش بورڈ پر چند ڈالر کما بھی لیئے ہوتے ہیں تو ان تک بھی رسائی ختم ہو جاتی ہے۔ اس لئے سب سے پہلی اور بنیادی بات تو یہ ذہن میں رکھیں کہ اس طرح کمائی کا کوئی طریقہ نہیں ہے اور سراسر اپنی محنت اور روپے کی بربادی کا ذریعہ ہے۔

آن لائن پیسے کمانے کے چند اصلی طریقے

1۔ فری لانسنگ
2۔ آن لائن سروے مکمل کرنا
3۔ ویب سائیٹ ریسرچ
4۔ آن لائن مارکیٹنگ ٹرینڈز
5۔ اپنی ویب سائیٹ بنانا اور اس سے کمائی کرنا
6۔ ویب سائیٹس اور ایپس کے ریووز لکھنا
7۔ افیلیٹ مارکیٹنگ
8۔ آرٹیکل رائیٹنگ
9۔ ڈومین نیم خریدنا اور فروخت کرنا
10۔ یوٹیوب ویڈیوز سے کمائی کرنا
11۔ ڈیجیٹل کرنسی خریدنا اور فروخت کرنا
12۔ فاریکس کی ٹریڈنگ کرنا
13۔ آن لائن بلاگنگ سے پیسے کمانا
اور اسی طرح کے بیسیوں طریقے انٹرنیٹ پر آن لائن کمائی کے موجود ہیں۔ سب سے بنیادی بات یہ ذہن میں رکھیں ان سب طریقوں سے کمائی کرنے کے لئے آپ کو متعلقہ فیلڈ میں اچھا خاصا علم ہونا بنیادی شرط ہے اس علم کے بغیر آپ کچھ بھی نہیں‌کر سکتے ہیں۔

آج کی اس تحریر میں آپ کو تھوڑا سا تعارف کرواؤں گا کہ

آن لائن بلاگنگ سے پیسے کیسے کماتے ہیں؟
دوستو آن لائن بلاگنگ سے پیسے کمانے کے لئے آپ کو پہلے تو یہ پتہ ہونا چاہئے کہ بلاگ ہوتا کیا ہے۔بلاگ ایک ایسی ویب سائیٹ ہوتی ہے جس پر لوگ یا مختلف قسم کے مباحثے کرتے ہیں یا پھر دوسرے لوگوں کو مختلف قسم کی معلومات بہم پہنچاتے ہیں جیسے کہ اردونامہ بلاگ اپنے صارفین کو اسی طرح کے ٹوٹیوریلز کے ذریعے اپنے صارفین کو اردو زبان میں معلومات بہم پہچانے کی کوشش کرتا ہے۔ زیادہ آسان فہم میں اگر آج کی بلاگنگ کو چند سال پہلے والی ڈائری سے تشبیہ دی جائے جو لوگ روزانہ کی بنیاد پر لکھتے تھے تو غلط نہ ہو گا بس فرق اتنا سا ہے کہ تب ڈائری آپ کی اپنی ذات تک محدود تھی اور آج وہ ساری دنیا پڑھتی ہے۔
بلاگ بنانے کے بہت سارے طریقے اور بہت سارے پلیٹ فارم موجود ہیں جن میں اپنے ڈومین اور ہوسٹنگ سے لے کر مفت ڈومین اور ہوسٹنگ کی سہولت دستیاب ہے۔ مفت دستیاب پلیٹ فارمز میں بلاگر اور ورڈ پریس دو سب سے مشہور پلیٹ فارم ہیں جہاں ہم نہ صرف مفت ڈومین حاصل کر سکتے ہیں بلکہ ہوسٹنگ بھی مفت استعمال کر سکتے ہیں۔
اپنا بلاگ بنانے کے لئے ان دونوں پلیٹ فارم میں سے کسی ایک پر اکاؤنٹ بنائیں جو مفت ہے اور وہاں باقی پروسییجر مکمل کرنے کے بعد آپ اپنے بلاگ کے مالک بن جائیں گے۔
اس کے بعد مرحلہ آئے گا بلاگ کے موضوع کا تو بلاگ کس طرح کا ہو کیسا ہو اس کے لئے آپ کو پہلے سے مکمل منصوبہ بندی کرنا ہو گی۔
سب سے پہلے تھوڑا ریسرچ ورک کریں کہ بلاگ کس موضوع پر بنانا چاہئے اس کے لئے ہمیشہ ایسا موضوع منتخب کریں جس کے بارے میں انٹرنیٹ پر بہت زیادہ تجسس پایا جاتا ہو اور جس موضوع کو لوگ پڑھنا چاہتے ہوں لیکن انٹرنیٹ پر اس کے متعلق مواد زیادہ دستیاب نہ ہو۔ آجکل Niche Blogging کا بہت زور ہے جس میں کسی ایک مخصوص چیز کو منتخب کیا جاتا ہے اور اسی پر سارے بلاگ کی پوسٹس گھومتی ہیں مثال کے طور پر اگر آپ کاروں کے بارے میں لکھنا چاہتے ہیں تو Niche Blogging میں آپ اس انڈسٹری کا کوئی ایک سیگمنٹ منتخب کر لیں گے اور پھر اس کے بارے میں ہی لکھتے چلے جائیں گے مثال کے طور پر آپ کاروں کی انڈسٹری میں سے مارکیٹ میں نئی آنے والی کاروں کی قیمتوں کا موضوع منتخب کرتے ہیں اور پھر ہمیشہ اسی بارے میں لکھتے ہیں۔
بلاگ بنانے سے پہلے آپ کو اس بارے میں مکمل ریسرچ کرنے کے بعد موضوع منتخب کرنا ہو گا اور اس کے بعد اپنے بلاگ کا ڈئزائن منتخب کرنا ہو گا۔ جو ایسا ہو کہ دیکھنے میں بھلا بھی لگے اور سرچ انجن آپٹمائزیشن کے حوالے سے بھی جاندار ہو۔ یہ مراحل طے کرنے کے بعد آپ اس موضوع کے بارے میں جو آپ نے منتخب کیا ہے اپنی پوسٹس لکھنا شروع کیجئے ان پوسٹس اور اپنے بلاگ کی سرچ انجن آپٹمائزیشن کیجئے، اپنے بلاگ پر لنک حاصل کریں اور دوسرے بلاگز پر اپنے لنکس بنایئے تاکہ آپ کا بلاگ سرچ انجن میں پہلے صفحہ پر نظر آنے لگے۔اپنے بلاگ کو فیس بک، ٹوئیٹر اور دوسری سوشل نیٹ ورکنگ سائیٹس کے ساتھ منسلک کیجئے اور ان پر زیادہ سے زیادہ فالورز حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ اس سارے عمل کو بہت اچھی طرح اور دھیرے دھیرے انجام دیں جس میں ہفتوں، مہینوں یا پھر سالوں کا وقت بھی لگتا ہے بلاگ بناتے ہی اس سے کمائی کا نہ صرف خیال چھوڑ دیں بلکہ ایسی کوئی بھی کوشش آپ کے بلاگ کے لئے بری ثابت ہو سکتی ہے۔
اب جب آپ کا بلاگ مشہور ہو گیا ہے اور سرچ انجن بھی آپ کے بلاگ کو جگہ دینے لگے ہیں تو پھر اب وقت ہے کہ آپ اپنے بلاگ سے کمائی کرنا شروع کر سکیں، اس مقصد کے لئے سب سے آسان طریقہ تو آپ کے پاس گوگل ایڈسنس کا ہے ایک جاندار بلاگ جس پر اچھا خاصا اور بہترین مواد موجود ہو اس کے لئے گوگل ایڈ سنس اپلائی کریں جو بہت امید ہے کہ بہت جلد منظور ہو جائے گی اس کے بعد اپنے بلاگ پر گوگل ایڈز لگائیں اور کمائی کریں کیونکہ گوگل آپ کو ایڈز دکھانے کے اور ان پر کلکس کے پیسے دے گا، لیکن خیال رہے کہ ایسی کوئی بھی کوشش جو آپ کے بلاگ پر غلط طریقے سے ٹریفک گھیر کر لائے گی یا لوگوں کو آپ کے بلاگ پر موجود ایڈز کو کلک کرنے پر اکسائے گی جلد یا بدیر گوگل کی نظر میں آئے جائے گی اور انجام کار آپ کا اکاؤنٹ بلاک ہو جائے گا۔

بلاگ کے ذریعے کمائی کے چند بہترین طریقے

جیسا کہ اوپر موجود تصویر میں ظاہر ہے کہ ایک بلاگ کے لئے کمائی کےلئے بیسیوں طریقے موجود ہیں ان میں سے جو آپ کو پسند آئے اور آپ سمجھیں کہ آپ اس طریقہ کو لے کر کام کر سکتے ہیں اس کا انتخاب کیجئے اور کمائی شروع کر دیں، ان طریقوں کا نہایت مختصر تعارف درج ذیل ہے۔

ایڈورٹائزنگ

اپنے بلاگ پر مختلف کمپنیوں اور ان کی پروڈکٹس کی تشہیر کیجئے ان کے اشتہارات لگائیں اور ان کمپنیوں سے پیسے کمائیں، اس طریقہ میں سب سے زیادہ مشہور گوگل ایڈسنس ہے لیکن اسے کے علاوہ بھی بے شمار طریقے دستیاب ہیں۔

ایونٹس ہوسٹنگ

اپنے بلاگ پر مختلف لوگوں مختلف کمیونٹیز اور ایجنسیوں‌کے ایونٹس ہوسٹ کریں انہیں آن لائن جانے کی سہولیات دستیاب کریں اور ان سے اس کام کا معاوضہ حاصل کریں۔

ایفیلیٹ مارکٹنگ

اپنے بلاگ کو مختلف کمپینوں اور آن لائن شاپنگ سائیٹس کے ساتھ ایفیلیٹ کریں ان کی اشیاء اپنے بلاگ پر بیچیں یا خریداروں کو ان تک پہنچنے میں‌مدد فراہم کریں اور جواب میں‌ان سے کمائی میں سے اپنا شئیر حاصل کریں۔

آن لائن بزنسز کی پروموشن کریں

اپنے بلاگ پر مختلف آن لائن بزنس کی پروموشن کریں ان کو گاہک ڈھونڈنے اور ان کے کاروبار کی تشہیر میں مدد دیں اور ان سے ایک معاہدے کے مطابق رقم حاصل کریں۔

آن لائن سروسز

اپنے بلاگ پر قسم کی آن لائن سروسز مہیا کریں جیسےکہ فری لانسنگ پلیٹ فارم، کوچنگ، آن لائن کلاسز، آن لائن ٹریننگ اور اسی جیسی بے شمار سروسز اپنے صارفین کو مہیا کریں اور ان سے معاوضہ وصول کریں۔

آن لائن خریدوفروخت

اپنے بلاگ پر سے براہ راست اپنی یا دوسرے لوگوں کی پروڈکٹس بیچنا شروع کریں اور منافع کمائیں یہ پروڈکٹس مادی اشیاء بھی ہوسکتی ہیں اور ورچوئل بھی جیسے آن لائن بک سٹور وغیرہ جہاں سے لوگ کتابیں ڈاونلوڈ کر سکیں یا پھر روزمرہ استعمال کی اشیاء مثلا کریانہ کی آئیٹمز یا کچھ بھی بیچیں اور منافع کمائیں۔

دیگر طریقے

اپنے بلاگ کے ذریعے کمائی کے اور بھی بے شمار طریقے دستیاب ہیں جیسا کہ کسی کے لئے فنڈز اکٹھے کرنا اور اس میں سے اپنا حصہ وصول کرنا مختلف تنظیموں سے روابطہ بنانا اور ان کے کام میں‌تعاون کی مد میں رقم حاصل کرنا، یا پھر ایک اچھا بلاگ بنا کر اسے فروخت کرنا اور پھر سے اگلا بلاگ بنا کر اسے فروخت کرنا وغیرہ۔

دوستو یہ تھے چند طریقے جن سے ذریعے آپ یقینی طور پر بلاگنگ سے پیسے کما سکتے ہیں۔ لیکن سب سے اہم اور آخری بات،
آن لائن پیسے کمانا بالکل بھی آسان نہیں اس کے لئے مسلسل محنت کی ضرورت ہے اور ایک مستقل لگن کی ضرورت ہے ورنہ آخر میں آپ مجھے بھی کوستے نظر آئیں گے کہ میں نے تو بہت کوشش کی مگر کمائی نہ ہو سکی۔

Facebook Comments