ھفتہ 20 اپریل 2024

ایران کا روسی ویکسین سے متعلق بڑا فیصلہ

روسی ویکسین

تہران: ایران نے روسی کرونا ویکسین اسپوتنک V کی بڑے پیمانے پر پیداوار کا فیصلہ کر لیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق فوڈ اینڈ ڈرگ کے ایرانی ادارے کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہم اسپوتنک وی ویکسین کی 20 لاکھ خوراک خریدنے کے علاوہ ویکسین کی بڑے پیمانے پر پیداوار کا ارادہ بھی رکھتے ہیں۔

وزارت صحت کے ترجمان کیانوش جہانپور نے میڈیا کے ساتھ گفتگو میں کہا Sputnik V ویکسین دنیا کی بہترین کرونا ویکسینز میں سے ایک ہے، 65 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے لیے اس کی تاثیر اور مدافعتی وابستگی کا تخمینہ 92 فی صد لگایا گیا ہے۔

انھوں نے کہا 70 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں میں بھی اس ویکسین کی مدافعتی صلاحیت زیادہ ہے اور کم ویکسینز میں یہ صلاحیت ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ روسی ویکسین کی دو خوراکیں 21 دنوں کے درمیان انجکشن کی صورت میں لگائی جاتی ہیں، اس کی پہلی اور بوسٹر خوراک کے بعد پیدا شدہ اینٹی باڈی ایسی ہے کہ جسمانی نظام اسے ختم نہیں کر سکتا۔

کیانوش جہانپور نے کہا روس سے ویکسین کی براہ راست خریداری 20 لاکھ خوراک ہے اور ایران میں اس ویکسین کے لیے پروڈکشن لائن قائم کرنے کے لیے ضروری معاہدے کیے جا چکے ہیں، امید ہے ایران میں ویکسین کی مشترکہ پیداوار کے ساتھ ہم اس کی مزید لاکھوں خوراکیں تیار کر لیں گے اور اسے نئے ایرانی سال میں مارکیٹ کریں گے۔

ایران میں آنے والے ہفتوں میں نجی کمپنیوں میں سے ایک میں اس ویکسین کی پروڈکشن لائن کا قیام مکمل ہو جائے گا۔

Facebook Comments