جمعہ 19 اپریل 2024

ماہرہ خان نے ہر سال عورت مارچ میں جانے کی وجہ بتادی

عورت مارچ

کراچی (دھرتی نیوز) پاکستانی اداکارہ ماہرہ خان نے ہر سال عورت مارچ میں جانے کی وجہ بتادی۔

 میرا سیٹھی کے آن لائن شو میں ہر سال عورت مارچ میں شرکت کے سوال پر  ماہرہ نے کہا کہ میرا ہر سال عورت مارچ میں جانا اس لیے ضروری ہے کیونکہ مجھے لگتا ہے کہ میری آواز میں اور میری باتوں میں بہت وزن ہے اور اس کا اثر بہت سارے لوگوں پر پڑتا ہے، بہت سارے لوگ میری آواز سنتے ہیں، مجھے پسند کرتے ہیں لہذا جب میں عورت مارچ میں جاتی ہوں تو وہاں موجود بہت سے لوگ مجھ سے متاثر ہوتے ہیں اور سوچتے ہیں کہ ہمیں ماہرہ خان پسند ہے اور یہ عورت مارچ کو سپورٹ کرتی ہے لہذا میرا وہاں جانے کا مقصد ہوتا ہے کہ میں لوگوں کوبتاؤں کہ دراصل عورت مارچ اور میرا جسم میری مرضی نعرے کا مطلب کیا ہے۔

ماہرہ خان نے مزید کہا ہمارے میڈیا اور سوشل میڈیا کے ذریعے بہت ساری غلط معلومات لوگوں تک پہنچتی ہے لہذا کچھ بڑی آوازیں (مشہور شخصیات کی آوازیں) لوگوں تک صحیح بات پہنچا سکتی ہیں۔ بہت سے لوگ عورت مارچ کے بارے میں سوچتے ہیں کہ اس میں آواز اٹھانے والی عورتوں کا مقصد یہ ہوتا ہے کہ وہ چاہتی ہیں کہ ہم کپڑے پھاڑ کے بیٹھ جائیں اورہمیں کوئی کچھ نہ کہے لیکن عورت مارچ کا مطلب ہرگز یہ نہیں۔

ماہرہ خان نے میرا جسم میری مرضی کے نعرے کے بارے میں کہا اس نعرے کا مطلب دراصل یہ ہے کہ یہ میرا جسم ہے اور اگر مجھے کوئی دیکھ رہا ہے اور اس شخص کا دیکھنا مجھے برا لگ رہا ہے تو میں اس کو کہوں کہ مجھے نہ دیکھے ۔ یا کوئی شخص مجھے چھونا چاہ رہا ہے تو مجھے اس کا حق ہونا چاہیے کہ میں اس شخص کے خلاف رپورٹ کروادوں کیونکہ یہ میرا جسم ہے اور میری مرضی۔ بس یہی چیزیں لوگوں کو بتانے اور سمجھانے کے لیے میں عورت مارچ میں جاتی ہوں۔

Facebook Comments