جمعہ 29 مارچ 2024

آسٹریلین کرکٹ ٹیم کا دورہ پاکستان، بین ڈنک نے اپنے خیالات کا اظہار کر دیا، پاکستانیوں کے دل جیت لئے

لاہور (دھرتی نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) فرنچائز لاہور قلندرز کے کھلاڑی بین ڈنک نے آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی صورتحال انتہائی زبردست ہے اور میں نے کبھی خود کو یہاں غیر محفوظ محسوس نہیں کیا۔

تفصیلات کے مطابق آسٹریلین کرکٹ ٹیم نے 1998ءکے بعد پہلی مرتبہ پاکستان کا دورہ کرنا ہے جس دوران دو ٹیسٹ میچز، تین ون ڈے انٹرنیشنل اور اتنے ہی ٹی 20 میچز پر مشتمل سیریز کھیلی جائے گی اور اب آسٹریلین کھلاڑی بین ڈنک نے بھی اس دورے کی حمایت کر دی ہے۔

انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پاتان میں سیکیورٹی کی صورتحال بہترین ہے، میں نے چار مرتبہ پاکستان کا دورہ کیا اور خود کو کبھی بھی غیر محفوظ محسوس نہیں کیا، ہوٹل سے لے کر سٹیڈیم تک ہر جگہ سیکیورٹی انتظامات زبردست ہیں اور میرے خیال سے آسٹریلین ٹیم نے پاکستان کا دورہ کیا تو یہ پاکستانیوں کیلئے بہت ہی زبردست رہے گا۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں بھی پاکستان کا دورہ کرنے پر غور کر رہی ہیں جبکہ جنوبی افریقہ کی ٹیم حال ہی میں اپنا دورہ مکمل کر کے واپس گئی ہے جس سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے بین ڈنک کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کے چھٹے ایڈیشن سے پہلے جنوبی افریقہ کی ٹیم دورہ کر کے گئی اور امید ہے کہ جب آسٹریلین ٹیم پاکستان آئے گی تو کوویڈ 19 کے باوجود تماشائیوں کو سٹیڈیم داخلے کی اجازت ہو گی اور آسٹریلین کھلاڑیوں کیلئے پاکستانی تماشائیوں کے سامنے کھیلنا انتہائی یادگار تجربہ ثابت ہو گا۔

 ان کا کہنا تھا کہ میں بہت خوش قسمت ہوں جسے پاکستانی تماشائیوں کے سامنے کھیلنے کا موقع ملا اور یہ یادیں زندگی بھر میرے ساتھ رہیں گے جبکہ ایسا ہی کچھ آسٹریلین کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کیساتھ بھی ہو گا جو یہاں ٹیسٹ، ون ڈے اور ٹی 20 سیریز کھیلنے کی غرض سے آئیں گے، پاکستان کی سیکیورٹی شاندار، مہمان نواز کمال اور کھانے لذیذ ہیں اور میں ہمیشہ پاکستان واپس آنے کا انتظار کرتا رہتا ہوں۔

Facebook Comments