جمعہ 29 مارچ 2024

لاہور کا 103 سال پرانا والٹن ائیرپورٹ ختم کر کے بزنس حب بنانے کا فیصلہ

والٹن ائیرپورٹ

لاہور کا 103 سال پرانا تاریخی والٹن ائیر پورٹ ختم کر کے بزنس حب بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

گلبرگ، ماڈل ٹاؤن اور فیروز پور روڈ کا سنگم، لاہور کا والٹن ائیرپورٹ جس کا رقبہ 1200 کنال سے زائد ہے اور یہاں سیکڑوں چھوٹے بڑے درختوں کا ایک چھوٹا سا مصنوعی جنگل آباد ہے۔

والٹن ائیرپورٹ کی جگہ بزنس حب بنانے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی نے کام شروع کر دیا ہے اور ارد گرد 10 ایکڑ اراضی پر واقع 7 نرسریاں بھی ختم کر دی گئی ہیں۔

چند روز پہلے تک قائم 7 نرسیوں میں پھل دار پودوں، دلکش اور حسین پھولوں کی خرید و فروخت ہوتی تھی، درجنوں افراد کا روزگار اس سے وابستہ تھا لیکن اب یہ نرسریاں ختم کر دی گئی ہیں۔

حکومت نے یہاں کسی درخت کو نہیں کاٹا بلکہ جدید مشینری کی مدد سے ان درختوں کو نکال کر دوسری جگہ منتقل کیا جا رہا ہے۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر زکاوت حسین کا کہنا ہے کہ والٹن تاریخی ائیرپورٹ ہے، غیر ملکیوں سمیت ملک کے ہزاروں پائلٹ یہاں سے تربیت حاصل کر چکے ہیں، یہ سلسلہ اب بھی جاری ہے۔

بزنس حب منصوبے کی وجہ سے والٹن ائیرپورٹ ختم ہونے سے تربیت حاصل کرنے والے 200 پائلٹس کی تربیت میں تعطل کا خدشہ ہے۔

خیال رہے کہ والٹن ائیرپورٹ 1918 میں برطانوی حکومت نے بنایا تھا اور یہ ائیرپورٹ دوسری جنگ عظیم میں برطانوی فوج کا بیس کیمپ بھی رہا۔

Facebook Comments