جمعہ 19 اپریل 2024

بندوق، گولی اور آپریشن حل نہیں،مصطفیٰ کمال نے ایسا امن فارمولہ پیش کردیا کہ سیکیورٹی ادارے بھی حیران رہ جائیں

کراچی(دھرتی نیوز) پاک سرزمین پارٹی کے چیئرمین سید مصطفیٰ کمال نے کہا کہ آج کے عظیم الشان پختون جلسے نے نئی دہلی اور لندن تک صف ماتم بچھا دی ہے، آج کراچی میں بھارتی سرمایہ کاری تہ تیغ ہونے سے نئی دہلی سے لندن تک آگ لگ گئی ہے، ملک دشمنوں کے سارے عزائم خاک میں مل گئے، اب وقت آگیا ہے کہ ریاست اور ناراض بھائیوں کے درمیان بھی گرینڈ نیشنل میثاق ہو ، بندوق، گولی اور آپریشن حل نہیں ہے، ثابت ہوگیا کہ کوئی سچ بولنے اور دلوں کو جوڑنے والا ہو تو لوگ چالیس سال کی دشمنیوں کو بھول کر یکجا ہوجاتے ہیں۔

 الآصف سکوائر سے متصل گراؤنڈ میں پختون برادری کےبڑے جلسےسےخطاب کرتےہوئےسیدمصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ ماؤں کے بچے حکمرانوں کی سیاست کی وجہ سے مرتے رہے اور حکمران ایک دوسرے کو وزارتوں کی خاطر قوم کے بچوں کو مروا کر خود ایک دوسرے سے گلے ملتے رہے،حکمرانوں نے بھائی کو بھائی سے لڑوا کر شہدا قبرستان آباد کیا،آج کے بعد زبان کے نام پر کسی کو خراش نہیں آنے دوں گا، مصطفی کمال مظلوموں کی آواز اور ظالم کے خلاف سیسہ پلائی دیوار ہے، ہم کراچی سے خیبر تک ظلم کا نظام ختم کردیں گے، ہم نے بندوق اور گولی کی سیاست کو پھولوں سے ختم کردیا ہے، یہ حالیہ انسانی تاریخ کا معجزہ ہے۔

 انہوں نے کہا کہ جب اکیلا تھا تب اس دنیا سے نہیں ڈرا تو اب تو کروڑوں پاکستانیوں کے ہمراہ ہوں، کسی بھی فرعون کے آگے نا جھک سکتا ہوں اور نا کبھی جھکوں گا، ملک دشمن عناصر نے لسانیت کی فالٹ لائن پر جو سرمایہ کاری کی تھی وہ ڈوب گئی، بھائی بھائی کے گلے لگ گیا، اب کراچی میں کوئی بھی علاقہ کسی بھی قوم کے لیے نوگوایریا نہیں ہے، پی ایس پی نے کلاشنکوف اٹھائے بغیر کلاشنکوف کلچر ختم کردیا،آپریشن کے بعد امن ہونا کوئی مثبت خبر نہیں ہ بلکہ محب وطن پاکستانیوں کے لیے شرمندگی کا باعث ہے۔

سید مصطفیٰ کمال نے مزید کہا کہ ظلم کی سیاہ رات کٹ گئی، مظلوموں کا دور آنے والا ہے، اب مظلوموں سے ان کی ذات اور مسلک کا نہیں پوچھا جائے گا اور ظالم بلاتفریق کسی بھی زبان کا بولنے والا ہو عوام اس کا گریبان پکڑے گی، ہم نے پچھلے چالیس سال کی تمام نفرتوں کو دفنا دیا ہے،ہم نے دنیا کی نہیں صرف آخرت کی پرواہ کی ہے،سیٹیں چھوڑ کر ظالموں کے آگے کھڑے ہوئے، قوم کو سوچنا ہوگا کہ انہوں نے سب کر لیا لیکن تبدیلی کیوں نہیں آ رہی؟ظالم صرف وہ نہیں جو ظلم کر رہا ہے بلکہ وہ بھی ہے جوظلم برداشت کر رہا۔ جو نظام پی ایس پی نے پیش کیا ہے وہی تمام مسائل کا حل ہے۔

Facebook Comments