بدہ 17 اپریل 2024

“مریم نواز جتنا بھی شور مچا لیں، نانی اماں کا فارمولا اب نہیں چلے گا”

اسلام آباد (دھرتی نیوز)وزیراعظم کے معاونِ خصوصی علی نواز اعوان نے کہا ہے کہ مریم نواز جتنا بھی شور مچا لیں،عوام ان کو سمجھ چکی ہے، نانی اماں کا فارمولا اب نہیں چلے گا، پاکستان کی برآمدات بڑھ رہی ہیں، وزیراعظم پاکستان کا ویژن کامیاب ہو رہا ہے، اپوزیشن جماعتیں میٹھا میٹھا ہپ اور کڑوا کڑوا تھو کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔

اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علی نواز اعوان نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے ثمرات مل رہے ہیں اورملکی برآمدات میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، پاکستان نے جس طرح کورونا کی آفت کے دوران سمارٹ لاک ڈاؤن کی پالیسی اختیار کی، اس کی آج دنیا معترف ہو رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری جو بھارت کی مثالیں دیتے تھے، آج اس بھارت کی معیشت زوال کا شکار ہے اور پاکستان کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے ۔

علی نواز اعوان نے کہا کہ ہماری اپوزیشن میٹھا میٹھا ہپ اور کڑوا کڑوا تھو کی پالیسی پر عمل پیرا ہے، جہاں ضمنی انتخابات میں کامیابی حاصل ہوئی وہاں شفاف، جہاں سے ہار گئے وہاں دھاندلی کا شور مچاتے ہیں ، مریم نواز جتنا بھی شور مچا لیں عوام ان کو سمجھ چکی ہے نانی اماں کا فارمولا اب نہیں چلے گا۔

 وزیراعظم کے معاونِ خصوصی نے کہا کہ ہم اسلام آباد کو بدلنے کا تہیہ کر چکے ہیں ،اسلام آباد کے گلی محلوں میں شہر اور گاؤں کی تفریق کیے بغیر ترقیاتی کام جاری ہیں ،اسلام آباد ایکسپریس وے پر کورنگ پل وسیع کرنے پر کام جاری ہے، پی ڈبلیو ڈی انڈر پاس کا کام شروع ہو چکا ہے، اسلام آباد کے لیے رینٹ کنٹرول کا قانون بن چکا، وفاقی دارالحکومت کی پہلی فوڈ اتھارٹی کے لیے قانون سازی آخری مراحل میں ہے ، شہر میں پانی کا بہت بڑا مسئلہ ہے، اس کے حل کے لیے بھی کام آخری مراحل میں ہے اور دریائے سندھ سے اسلام آباد پانی لانے کے لیے ہم ترقیاتی کام بہت جلد شروع کر رہے ہیں۔

Facebook Comments