جمعرات 18 اپریل 2024

96 سالہ ریٹائرڈ ٹیچر نے مرنے سے پہلے اربوں روپے عطیہ کردیے، اتنی دولت کہاں سے آئی ؟

میلان (دھرتی نیوز) یورپی ملک اٹلی میں 96 برس کی عمر میں انتقال کرنے والی ایک ریٹائرڈ ٹیچر ماریسا کاوینا نے 25 ملین یورو ( چار ارب 76 کروڑ روپے) سے زیادہ ہسپتالوں اور خیراتی اداروں کو عطیہ کردیے ۔

ماریسا کاوینا اٹلی کے شمالی شہر جینووا میں رہائش پذیر تھیں اور انہوں نے زندگی بھر شادی نہیں کی۔ جب ان کا انتقال ہوا تو ان کے اثاثوں کی مالیت 40 ملین یورو (تقریباً 7 ارب 62 کروڑ روپے) تھی۔ یہ واضح نہیں تھا کہ ان کی یہ دولت کہاں سے آئی لیکن اطالوی ذرائع ابلاغ نے امکان ظاہر کیا ہے اسے یہ دولت وراثت میں ملی ہوگی۔

 ماریسا کاوینا کی دولت میں سے جینووا کے گیسلینی بچوں کے ہسپتال کو تقریباً پانچ ملین یورو ملیں گے جبکہ گیلیرے ہسپتال کو کئی ملین یورو کی مالیت کا گھر ملے گا۔ گھر کو فروخت کردیا جائے گا اور اس سے حاصل ہونے والی رقم کو تحقیق کے شعبے میں استعمال کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ جائیداد کا کچھ حصہ ایمنسٹی انٹرنیشنل سمیت عالمی اداروں کو عطیہ کیا جائے گا جبکہ باقی بچ جانے والی پراپرٹی دوستوں اور رشتہ داروں میں تقسیم کردی جائے گی۔

گیلیرے ہسپتال کے ڈائریکٹر جنرل ایڈریانو لاگوسٹینا نے بتایا کہ ہسپتال کو وصیت کے بارے میں ماریسا کاوینا کی موت کے بعد تک معلوم نہیں تھا، ان کا ایک بار ہسپتال میں علاج کرایا گیا تھا۔ ’ہمارے پاس ماضی میں بھی چندہ دینے والے افراد تھے لیکن اس سے پہلے کبھی ایسا نہیں ہوا۔‘

Facebook Comments