جمعرات 25 اپریل 2024

آب زم زم کنوئیں میں‌ اترنے والی پہلی شخصیت کا انتقال

ریاض:(دھرتی نیوز ڈیسک) آب زم زم کنوئیں میں صفائی کے دوران اترنے والے پہلے سعودی شہری ڈاکٹر یحییٰ کوشاک 80 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر یحییٰ کوشاک سنہ 1979 میں صفائی منصوبے کے دوران آب زم زم کے کنوئیں میں اترنے والے پہلی شخصیت تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر یحییٰ کوشاک پیر کے روز 80 سال کی عمر میں انتقال کر گئے، وہ بڑھاپے کی وجہ سے علیل تھے۔

ڈاکٹر یحییٰ کوشاک سعودی عرب میں ڈاٹر اینڈ سیوریج اتھارٹی کے سابق ڈائریکٹر بھی تھے۔

آب زم زم کنوئیں کی صفائی کا منصوبہ

واضح رہے کہ خادم الحرمین شریفین نے 1979 میں پہلی بار آب زم زم کے کنوئیں کی بڑے پیمانے پر صفائی کا منصوبہ شروع کیا تھا، جس کا مقصد پانی کے بھاؤ کو تیز اور بہتر بنانا تھا۔

صفائی منصوبے کے دوران آب زم زم کے راستے میں آنے والی اشیا کو ہٹایا گیا تھا۔

اس آپریشن کی نگرانی ڈاکٹر یحییٰ کوشاک نے کی اور وہ پہلی شخصیت تھے جس نے کنوئیں کے اندر جاکر صورت حال کا جائزہ لینے کے بعد حکمت عملی مرتب کی اور پھر کامیاب آپریشن کیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق صفائی منصوبہ اس قدر کامیاب رہا تھا کہ اس کے اختتام کے بعد بھاؤ میں تیزی بھی آگئی تھی۔

Facebook Comments