جمعہ 29 مارچ 2024

لاہور سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر

کراچی:(دھرتی  نیوز) لاہور سے اسلام آباد جانے والے مسافروں کے لیے اچھی خبر آ گئی، قومی ایئر لائن نے فضائی آپریشن بحال کر دیا۔

 دھرتی نیوز کے مطابق پی آئی اے نے لاہور سے اسلام آباد فضائی آپریشن بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا، اس سلسلے میں پہلی پرواز 8 مارچ صبح ساڑھے 8 بجے لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگی۔

قومی ایئر لائن کی پرواز 650 لاہور سے مسافروں کو لے کر اسلام آباد جائے گی، پی آئی اے اسلام آباد کے لیے ہفتے میں 3 پروازیں آپریٹ کرے گا۔

کرائے کا تعین بھی ہو گیا ہے، پی آئی اے کا لاہور سے اسلام آباد یک طرفہ کرایہ 6 ہزار 848 روپے مقرر کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پی آئی اے کا لاہور سے اسلام آباد کے لیے فضائی آپریشن گزشتہ 2 سال سے بند تھا۔

خیال رہے کہ قومی ایئر لائن میں اصلاحاتی عمل کچھ عرصے سے جاری ہے، اس سلسلے میں گزشتہ ماہ اسٹاک ایکسچینج کی جانب سے پی آئی اے کو جاری مراسلے میں کہا گیا تھا کہ قومی ادارے کے شیئرز میں قیمت کے ساتھ ساتھ حجم میں بھی غیر معمولی اضافہ دیکھا گیا ہے۔

گزشتہ تین ہفتوں کے دوران قومی ایئر لائن کے حصص کی قیمت میں 20 فی صد اضافہ ہوا، حکام کا کہنا تھا کہ شیئر کی قیمت میں یہ اضافہ گزشتہ دو ماہ کے دوران دیکھا گیا۔

معاشی تجزیہ کاروں کا کہنا تھا کہ حصص کی قیمتوں میں اضافہ دراصل پی آئی اے میں ہونے والی اصلاحات اور ملازمین کی تعداد میں کمی بنیادی وجوہ ہیں۔

Facebook Comments