جمعہ 29 مارچ 2024

یوسف گیلانی کی تاریخی فتح ، صحافی طلعت حسین نے حکومتی زخموں پر نمک چھڑکتے ہوئے حفیظ شیخ سے بڑا مطالبہ کردیا

اسلام آباد(دھرتی نیوز)سینیٹ انتخابات میں سب سے اَپ سیٹ نے حکومتی صفوں میں کھلبلی مچا دی ہے جبکہ اپوزیشن اتحاد یوسف رضا گیلانی کی کامیابی پر شادیانے بجا رہا ہے، سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی تاریخی کامیابی پر سینئر صحافی سید طلعت حسین بھی میدان میں آ گئے ہیں اور اُنہوں نے وزیر خزانہ ڈاکٹر عبد الحفیظ شیخ سے ایسا مطالبہ کر دیا ہے جو فوری طور پر حکومتی زخموں پر نمک چھڑکنے کے مترادف ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ الیکشن میں اسلام آباد کی جنرل نشست پر پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے متفقہ امیدوار سید یوسف رضا گیلانی نے حکومتی امیدوار حفیظ شیخ کو تاریخی شکست دے دی ہے ،پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے 169 ووٹ حاصل کیے جبکہ حفیظ شیخ نے 164 ووٹ حاصل کرپائے یوں یوسف رضا گیلانی حفیظ شیخ کو پانچ ووٹوں سے شکست دے کر اسلام آباد سے سینیٹر منتخب ہوگئے،ریٹرننگ افسر کے مطابق 7 ووٹ مسترد ہوئے۔

 اس تاریخی اَپ سیٹ پر سید طلعت حسین نے مائیکرو بلاگنگ ویب سایٹ پر ٹویٹس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر حفیظ شیخ میں عزت نفس ہے تو وہ اس تاریخی شکست کے بعد فوری طور پر اپنے عہدے سے الگ ہو جائیں۔انہوں نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی پانچ ووٹوں سے جیت انتہائی حیرت انگیز اور حکومت کے لئے پریشان کن ہے لیکن پیپلز پارٹی کی قیادت کو اعتماد تھاکہ یوسف رضا گیلانی جیت جائیں گے ،اب حفیظ شیخ کی کامیابی کے بعد حکومت کوشش کر رہی ہے کہ کسی طرح نتیجے کو چیلنج کیا جائے ۔

سید طلعت حسین نے کہا کہ یوسف رضا گیلانی کی فتح کو ریٹرننگ افسر کے اعلان کے بعد تبدیل کرنے کی کوئی کوشش ہوئی تو یقینی طور پر قانونی کارروائی تو ہو گی لیکن اس سے نیا پنڈورا باکس کھل جائے گا ،عمران خان کی حکومت عملی طور پرناکام ہو چکی ہے،اگر اب مصنوعی ذرائع سے شکست کو فتح میں تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی تو بات بہت دور تک پہنچے گی ۔

Facebook Comments