جمعہ 19 اپریل 2024

آسٹریا میں کورونا کے نئے مریضوں کی تعداد میں ہوشربا اضافہ شروع، ہسپتالوں پر بھی بوجھ بڑھ گیا

ویانا (دھرتی نیوز ڈیسک) آسٹریا میں پب باغات کھولنے کے اعلان کے چند دن بعد ہی ایک بار کورونا انفیکشن نے سر اٹھا لیا جس کی وجہ سے حکومتی پریشانی میں اضافہ ہوگیا۔

گزشتہ روز وزیر صحت روڈولف آنشوبر نے بتایا کہ کورونا مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے، انفیکشن کی تعداد میں روزانہ اضافہ اور بدقسمتی سے ہسپتالوں میں داخل ہونے والوں کی بڑھتی تعداد تشویش کا باعث ہے۔ آنشوبر نے کہا ہمیں اس اضافے کو کم کرنے انتظام کرنا ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ نہ صرف ہر روز ریکارڈ ہونے والے کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہورہا ہےبلکہ ہسپتالوں میں بھی پچھلے کچھ دنوں میں مریضوں کی تعداد میں اضافہ 20 فیصد سے زائد دیکھاگیا، جو ایک بہت ہی ”تشویشناک“ رجحان ہے۔ انہوں نے موجودہ صورتحال کا موازنہ اکتوبر 2020 کے ساتھ کیااور بتایا کہ اس وقت تیزی سے مریض سامنے آئے تھے جس کی وجہ سے ہمیں انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، اب بھی فوری اقدامات کرنا ہوں گے ۔

 وزیر صحت نے بتایا کہ 15 مارچ کو تکنیکی ماہرین کے ساتھ میٹنگ ہوگی اور صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اگر موجودہ رجحان جاری رہا تو واضح طور پر کہنا چاہئے کہ پب باغات کا کھلنا ممکن نہیں ، ہر کوئی وائرس کی روک تھام چاہتا ہے لیکن اگر ضروری ہوا تو بڑھتی ہوئی تعداد پر ردعمل ظاہر کرنا ہوگا۔

ماہر امور ماہر اینڈریاس برگتھلر نے بھی حال ہی میں تشویش کا اظہار کیا تھا اور کہا کہ اگر رجحان یکساں رہا تو تیسری کورونا لہر کا سامنا کرنا پڑے گا۔

Facebook Comments