جمعہ 19 اپریل 2024

”محمد رضوان اور میرے درمیان کوئی جھگڑا نہیں بلکہ کچھ لوگ۔۔۔“ سرفراز احمد نے بالآخر دل کی بات کہہ دی

کراچی (دھرتی نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد نے کہا ہے کہ کچھ لوگ بلاوجہ میرے اور محمد رضوان کے درمیان جھگڑے کی فضاءپیدا کرنا چاہتے ہیں۔

دھرتی نیوز کی تفصیلات کے مطابق نیا ناظم آباد میں شجرکاری کی مہم کے آغاز کے موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے سابق ٹیسٹ کپتان اور پی ایس ایل 6 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی قیادت کرنے والے سرفراز احمد نے کہا کہ پی ایس ایل 6 میں کوئٹہ نے پہلے چار میچز میں لگاتارشکستوں کے بعد بھرپور انداز میں فاتحانہ پیش قدمی کا آغاز کیا تھا تاہم بدقسمتی سے ٹورنامنٹ ملتوی ہو گیا جس پر ہم سب کو ہی بہت افسوس ہے۔

 قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان سے متعلق پوچھے گئے سوال پر انہوں نے کہا کہ مجھے محمد رضوان سے کوئی مسئلہ نہیں، کچھ لوگ بلاوجہ میرے اور رضوان کے درمیان جھگڑے کی فضاءپیدا کرنا چاہتے ہیں، رضوان نے تینوں فارمیٹس کے بعد پی ایس ایل میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بلاشبہ رضوان با صلاحیت کھلاڑی ہے اور بہت ہی اچھا کھیل رہا ہے، ہمیں اس کی مزید کامیابیوں کیلئے دعا کرنی چاہئے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جب بھی لیگ دوبارہ شروع ہوگی، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اپنی جیت کا سلسلہ جاری رکھے گی، ویسٹ انڈیز سے تعلق رکھنے والے ممتاز بیٹسمین کرس گیل کی کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شمولیت خوش آئند تھی اور انہوں نے ابتدائی میچز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنی اہلیت بھی تسلیم کرائی۔

Facebook Comments