جمعرات 28 مارچ 2024

کیا پنجاب میں تبدیلی آ رہی ہے ؟ ق لیگ بھی میدان میں آگئی

لاہور(دھرتی نیوز)وفاقی وزیر اور پاکستان مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماچوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا ہے کہ ہمیں یہ نہیں پتاکہ پنجاب میں تبدیلی آرہی ہے اور نہ ہی کسی نےاس بارے ہمیں آگاہ کیا ہے تاہم میری ذاتی رائےہے کہ ہماری جماعت پنجاب حکومت کی کارکردگی سے مطمئن نہیں،ق لیگ چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کوہی ووٹ دےگی ۔

 دھرتی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چوہدری طارق بشیر چیمہ نےکہا کہ پنجاب میں تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم )کا اندرونی معاملہ ہے،ہمیں قطعی طور پر اس کا علم نہیں ہے،ہم حکومت کے اتحادی ہیں اورباہمی مشاورت سے دونوں جماعتوں کا جو فیصلہ ہو گا اُسی پر ہم سب عمل کریں گے،ہمیں یہ نہیں پتاکہ پنجاب میں تبدیلی آرہی ہے یا نہیں ؟ہم کو کسی نے بھی اس بارے میں آگاہ نہیں کیا ،ایسی کوئی بات ہوگی توپارٹی قیادت کے پاس جائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ جب انسان اکٹھا چل رہا ہو تو اختلافات ہو جاتے ہیں اسی طرح اتحادی سیاست میں بھی اختلاف رائے ہو جاتا ہے،اگر کوئی ایسی کوئی نوبت آئی تو ضرور سوچیں گے تاہم ابھی ہم حکومت کے اتحادی ہیں اور کوئی اختلافی مسئلہ نہیں ہے ،آخری حد تک کوشش ہوگی حکومتی اتحاد میں دراڑ نہ پڑے، وزیر اعظم نے سینیٹ کے الیکشن میں بہت بردباری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں ایک سیٹ دی جو ہم نے قطعی طور پر نہیں مانگی تھی،اُنہوں نے خود پیغام بھیجا کہ ہم پاکستان مسلم لیگ کو ایک سیٹ دے رہے ہیں جس پر ہم ان کے مشکور ہیں۔

 چوہدری طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ الیکشن کےموقع پرپارٹیاں وو ٹ مانگنےآتی ہیں اس میں کوئی اچنبھے والی بات نہیں ہے،ہم نے سینیٹ میں ووٹ کے حوالے سے پیپلزپارٹی سے معذرت کرلی ہے ،چودھری شجاعت نےبلاول سےکہا کہ ہم حکومت کےاتحادی ہیں اس لئے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دینا ممکن نہیں ہے،ق لیگ چیئرمین سینیٹ کیلئے صادق سنجرانی کوہی ووٹ دےگی ،سیاسی لوگ ایک دوسرے سے ملتے رہتے ہیں اور اس میں کوئی قباحت بھی نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم سب سیاسی لوگ ہیں ، اپوزیشن سے اسمبلی اجلاسوں میں روز رابطہ ہوتا ہے،گراؤنڈ ریالٹی سے انکار نہیں کرنا چاہئے،چوہدری پرویز الٰہی کو جب وزیراعظم عمران خان نے پنجاب میں سینیٹ الیکشن کے حوالے سے ذمہ داری سونپی تھی،اسے احسن طریقے سے پورا کیا گیا ،اس وقت ہر جگہ پر شور پڑا ہواتھا کہ فلاں بک گیا ،فلاں نے خرید لیا ، ہمیں قطعی طور پر اس خرید و فروخت کا علم نہیں تاہم پاکستان کا جو سب سے بڑا صوبہ ہے وہاں چوہدری پرویز الٰہی نے کوشش کر کے سینیٹ انتخابات میں کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہونے دیا جس پر ہم پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن کے بھی مشکور ہیں کہ اُنہوں نے چوہدری پرویز الٰہی کی بات کو وزن دیا ،ان کو عزت دی اور پورے کا پورا صوبہ بلامقابلہ ہو گیا اور کسی کو انگلی اٹھانے کا موقع نہیں ملا ۔

Facebook Comments