جمعرات 25 اپریل 2024

انتہائی دبلا ہونے کے باعث مجھے تنقید کا نشانہ بنایا گیا، انایا پانڈے

بالی وڈ اداکار چنکی پانڈے کی بیٹی نوجوان اداکارہ انایا پانڈے کا شمار ان اداکاروں میں ہوتا ہے جنہیں اقربا پروری کے الزامات کے باعث سب سے زیادہ تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

ایک انٹرویو میں انایا نے سوشل میڈیا پر خود پر ہونے والی تنقید پر بات کی اور بتایا کہ انہیں ٹرولنگ کے دوران کس قسم کے رویے اور الفاظوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

انایا پانڈے کا کہنا تھا کہ جب میں فلم انڈسٹری میں نہیں آئی تھی تب بھی مجھے تنقید کا نشانہ بنایا جاتا تھا، کوئی مجھ پر انتہائی دبلا ہونے کے باعث تنقید کرتا تو کوئی فلیٹ اسکرین کہتا اورکہا جاتا کہ میں لڑکوں جیسی دکھتی ہوں۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس وقت مجھے یہ باتیں بہت بری لگتی تھیں کیونکہ یہ وہ وقت ہوتا ہے جب آپ اپنا اعتماد قائم کررہے ہوتے ہیں اور خود سے پیار کرنا سیکھ رہے ہوتے ہیں اور جب کوئی آپ کو گرانے کی کوشش کرے تو خود اعتمادی بھی متاثر ہوتی ہے، تاہم اب میں خود کو تسلیم کرنے پر توجہ دے رہی ہوں۔

Facebook Comments