جمعرات 28 مارچ 2024

اسلام آباد میں کورونا کیسز میں اضافہ ، 3 تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(دھرتی نیوز) وفاقی دارالحکومت میں کورونا وائرس کیسز میں اضافہ جاری ہے، کورونا کیسز رپورٹ ہونے پر اسلام آباد کے تین تعلیمی ادارے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر(ڈی ایچ او) ڈاکٹر زعیم ضیا نے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کو ایک مراسلہ جاری کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ کورونا سے متاثرہ تین کالجز تا حکم ثانی بند کر دیے جائیں، ان تعلیمی اداروں میں آٹھ کورونا کیسز سامنے آ چکے ہیں۔ڈی ایچ او اسلام آباد ڈاکٹر زعیم کا کہنا تھا کورونا کیسز دو سرکاری اور ایک نجی تعلیمی ادارے سے سامنے آئے ہیں، سیکٹر جی الیون تھری میں واقع نجی تعلیمی ادارے بیکن ہاؤس سکول میں تین کیس رپورٹ ہوئے، اسلام آباد کالج فارگرلز ایف سکس ٹو میں دو جبکہ اسلام آباد ماڈل کالج فارگرلز آئی نائن ون میں تین کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔

 ڈی ایچ او نے مراسلے میں ضلعی انتظامیہ کو متاثرہ تعلیمی ادارے سیل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سفارش کی ہے کہ دیگر تعلیمی اداروں میں 50 فیصد حاضری کو یقینی بنایا جائے جبکہ ایمرجنسی بنیادوں پر کورونا کیسز کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ڈاکٹر زعیم ضیاء کی جانب سے متاثرہ تعلیمی اداروں کے ٹیچرز اور عملے کے کورونا ٹیسٹنگ کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پازیٹو طلبہ سے ملنے والے افراد 14 دن قرنطینہ میں رہیں ۔

Facebook Comments