جمعہ 19 اپریل 2024

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت پارٹی رہنماؤں کا اہم اجلاس ، اندرونی کہانی سامنے آ گئی

اسلام آباد(دھرتی نیوز)وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ،وزیراعظم نے پارٹی کے سینئر رہنماؤں کے اہم اجلاس کے دوران پنجاب میں انتظامی طور پر بڑی تبدیلیوں کا عندیہ دے دیا۔

دھرتی نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرِصدارت پارٹی رہنماوں کا اہم اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے۔اجلاس سے قبل وزیراعظم نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے اہم ملاقات کی تھی۔مذکورہ اجلاس میں چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب سے متعلق مشاورت کی گئی۔

وزیراعظم نے پرویز خٹک کو چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کی حمایت حاصل کرنے کا ٹاسک دے دیا۔ذرائع کے مطابق حکومت کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے عہدے کے لیے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کا عہدہ کسی بھی اتحادی جماعت کو دینے پر بھی مشاورت ہوئی۔

اجلاس میں پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق بھی تفصیلی گفتگو کی گئی۔وزیراعظم کی زیرِ صدارت ہونے والے اس اجلاس میں وفاقی وزرا سینئر حکومتی اراکین اور آئینی ماہرین کے ساتھ ساتھ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار بھی شریک تھے۔

Facebook Comments