جمعہ 13 دسمبر 2024

بارسلونامیں مسلم قبرستان کا معاہدہ ہو گیا،15سال کیلئے قبر کی قیمت دوہزار یورو،50سال کےلئے قبر کی قیمت چار ہزار یورو ہوگی

بارسلونا(دھر تی نیوز – نیشنل ڈیسک )معروف سیاحتی مقام بارسلونا میں مسلم شہریوں کی اسلامی طریقے سے تجہیزوتکفین کیلئے اسلامی قبرستان کیلئے معاہدہ طے پاگیا جس میں مسلم تنظیموں کے نمائندگان’ میونسپل کارپوریشن بارسلونا کے نمائندگان اور بارسلونا قبرستان انتظامیہ کے افراد نے شرکت کی۔کتلان فیڈریشن برائے اسلامی کونسل کے ترجمان محمد ابوالہلول کے مطابق گذشتہ دنوں اجلاس کے دوران مختلف تجاویز پیش کی گئی اور کوروناوائرس کے وجہ سے مسلم آبادی کو درپیش آنے والے مسائل کا ذکر کیا گیا۔ مسلم نمائندوں کا موقف تھا کہ بارسلونا کے قبرستانوں میں آبادی کے تناسب سے مسلم قبرستان کیلئے بہت کم جگہ رکھی گئی ہے اس کے علاوہ مقامی قبرستان مسلمانوں کی شرعی ضروریات کو پورا نہیں کرتے اس لئے ضروری ہے کہ انہیں زمین پر جگہ متعین کی جائے کیونکہ مقامی رسم و رواج کے مطابق زمین سے اوپر دراز بنا کر تدفین اسلامی شرعیت کے منافی ہیں۔ اجلاس میں کوئسرولا مرکزی قبرستان میں مسلم قبرستان کیلئے جگہ مختص کرنے’ منجوئی قبرستان میں قدیم جنازگاہ تعمیرنواور مرمت’مسلم قبرستان کیلئے نئی جگہ کا انتخاب اور مناسب قیمتوں کا تعین کرنے بارے میں اہم فیصلے کئے گئے

اجلاس میں بتایا گیا کہ کوئسرولا مرکزی قبرستان میں مسلمانوں کیلئے کئی سالوں سے جگہ مختص کی گئی ہے جہاں نہ صرف بارسلونا بلکہ پورے کتلونیا کے مسلمانوں کی تکفین کی جاتی رہی ہے مگر کورونا وائرس کی عالمی وبائی بحران کے دوران جگہ بہت کم پڑ گئی ہے کیونکہ بہت سے مسلم ممالک کے باشندے اپنے پیاروں کو اپنے آبائی ممالک میں نہیں لے جاسکے اور انہیں مجبورا تجہیزوتکفین کیلئے یہاں جگہ تلاش کرنا پڑی۔گزشتہ سال کوئسرولا میں 6قبر والے12ماڈل تعمیر کئے گئے۔بارسلونا کارپوریشن کی طرف سے مرکزی قبرستان کوئسرولا آئندہ سال کیلئے 220قبریں اور اس سے اگلے سال مزید 220قبریں مختص کی جائیں گی۔اس کے ساتھ ساتھ مون جوئی میں قائم قدیم مسلم جنازگاہ کی تعمیر نواور مرمت’کا کام بھی چند ماہ میں مکمل کرلیا جائے گا۔قبروں کی مدت اور ان کی قیمت کیلئے تعین کیلئے بھی خاصی بحث ہوئی اور بالآخر انتہائی مناسب قیمت پر لمبے عرصے کیلئے معاملات طے پاگئے۔ اس سلسلے میں 15سال کیلئے قبر کی قیمت2ہزار 2سو 82 جبکہ30سال کیلئے قبر کا معاوضہ3ہزار 50یورو اسی طرح 50سال کیلئے3ہزار 9سو 73یورو طے پائی جس میں قبروں کی دیکھ بھال اورکاغذی کاروائی’ ٹیکس شامل ہوں گے۔ واضح رہے مذکورہ قیمتیں تین اپارٹمنٹ والی قبروں کی انفرادی قبر کے بارے میں طے کئے گئے۔

Facebook Comments