بدہ 01 مئی 2024

میگھن مارکل کے انٹرویو کے بعد ملکہ برطانیہ کا بڑا فیصلہ

برمنگھم (دھرتی نیوز-انٹر نیشنل ڈیسک) برطانوی شاہی خاندان کے ذرائع کے مطابق ملکہ برطانیہ آنے والے کچھ دنوں میں شہزادہ ہیری سے فون پر رابطہ کریں گی، میگھن مارکل کی جانب سے انٹرویو میں دیئے گئے انکشافات سے متعلق بھی بات چیت کی جائے گی۔

برطانوی شاہی خاندان کی جانب سے جاری بیان میں میگھن کے انکشافات پر حیرانی ظاہر کرتے ہوئے ملکہ کا کہنا تھا کہ انہیں دکھ ہے کہ جوڑے نے یہ سال اتنی اذیت میں گزارے اور شاہی خاندان کے کچھ افراد کی جانب سے انہیں ذہنی طور پر تکلیف پہنچائی گئی۔ملکہ برطانیہ کی جانب سے شاہی خاندان کے اسٹاف کو مسئلے سے متعلق عوامی سطح پر گفتگو سے بھی روک دیا گیا ہے۔ انٹرویو سامنے آنے کے بعد ان ملکہ برطانیہ نے تمام معاملات اپنے ہاتھوں میں لے لیے ہیں اور ان کے مطابق ان کے نزدیک آرچی، ہیری اور میگھن اب بھی شاہی خاندان کا حصہ ہیں اور انہیں ان سے محبت ہے۔

یاد رہے کہ ہیری اور میگھن مارکل نے انٹرویو میں ملکہ برطانیہ کی تعریفیں کی تھیں۔ میگھن مارکل نے اوپرا ونفرے کو دیئے گئے انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ شاہی خاندان کے ایک فرد نے آرچی کی رنگت کے بارے میں سوال کیا تھا۔انٹرویو میں میگھن مارکل نے کہا تھا کہ انہیں شاہی خاندان کی جانب سے تحفظ نہیں ملا.

Facebook Comments