جمعہ 19 اپریل 2024

مریم نواز کو ’دھمکی‘: نواز شریف کی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ پر تنقید

لندن(دھرتی نیوز- انڑنیشنل ڈیسک) سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے پارٹی کی نائب صدر مریم نواز کو دھمکی دینے کا الزام ملکی سیکیورٹی اسٹیبلشمنٹ پر لگایا ہے۔

دھرتی نیوز کی رپورٹ کے مطابق 2 منٹ پر مشتمل اپنے ویڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پہلے آپ نے کراچی کے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑ دیا جہاں مریم رہ رہی تھیں اور اب آپ انہیں دھمکی دے رہے ہیں کہ اگر وہ باز نہ آئی تو انہیں (سیاسی طور پر) توڑ دیا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کو پامال کیا جارہا ہے۔

نواز شریف نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے پارلیمنٹ میں اعتماد کے ووٹ ڈالنے کے دوران دی جانے والی مدد ’کوئی راز نہیں‘ ہے۔انہوں نے وزیر اعظم عمران خان کے ساتھ 3 سینئر آرمی جرنیلوں کا نام لیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے جو بھی کیا وہ ایک سنگین جرم ہے اور ان کا احتساب کیا جائے گا۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے ٹوئٹر پر کہا کہ انہیں نہ صرف دھمکیاں دی گئیں بلکہ دھمکی دینے والوں نے گالی گلوچ پر مبنی زبان استعمال کی۔

ایک روز قبل انہوں نے کہا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے سینیٹرز کو بلایا جارہا ہے اور کہا گیا کہ وہ پی ڈی ایم امیدوار کو ووٹ نہ دیں۔انہوں نے ٹوئٹ میں کہا کہ ان میں سے کچھ نے ثبوت ریکارڈ کرائے ہیں۔خیال رہے کہ آئی ایس پی آر کی جانب سے متعدد مرتبہ ملک کے سیاسی امور میں فوج کے ملوث ہونے کے الزام کو مسترد کرتی آئی ہے۔نواز شریف کا پیغام لندن میں ریکارڈ کیا گیا۔مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف گزشتہ سال دسمبر میں 4 ہفتوں کی ضمانت ملنے پر علاج کے لیے لندن گئے تھے اور تاحال وہیں مقیم ہیں۔

Facebook Comments