جمعہ 19 اپریل 2024

صحت یابی کے بعد شبانہ اعظمی ہسپتال سے ڈسچارج

صحت یابی کے بعد شبانہ اعظمی ہسپتال سے ڈسچارج

معروف بولی وڈ اداکارہ و لکھاری شبانہ اعظمی گزشتہ ماہ 18 جنوری کو بھارتی ریاست مہاراشٹر میں ایک روڈ حادثے میں زخمی ہوگئی تھیں۔

فلم ساز جاوید اختر کی اہلیہ اپنے شوہر کے ساتھ سفر کر رہی تھیں کہ ان کی گاڑی کو پونے اور ممبئی کے درمیان پیش آیا اور حادثہ اس قدر شدید تھا کہ شبانہ اعظمی کی کار کا اگلا حصہ مکمل طور پر تباہ ہوگیا۔

حادثے کے دوران شبانہ اعظمی سخت زخمی ہوگئیں تاہم خوش قسمتی سے جاوید اختر اور ان کے ڈرائیور محفوظ رہے اور بعد ازاں اداکارہ کو ممبئی کے نجی ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔

چہرے اور سر سمیت جسم کے دیگر حصوں پر سخت چوٹیں رسنے کے بعد اداکارہ کو ابتدائی 24 گھنٹوں تک انتہائی نگہداشت (آئی سی یو) کے وارڈ میں رکھا گیا تھا جہاں ان کی طبیعت مسلسل بہتر ہو رہی تھی۔

بعد ازاں ان کے ٹیسٹ بھی کلیئر آئے تھے اور انہیں آئی سی یو سے عام وارڈ میں منتقل کردیا گیا تھا۔

تاہم اب ہسپتال میں 13 دن رہنے کے بعد انہیں ڈسچارج کردیا گیا۔

اداکارہ کو چہرے اور سر پر چوٹیں لگی تھیں—فوٹو: اے این آئی
اداکارہ کو چہرے اور سر پر چوٹیں لگی تھیں—فوٹو: اے این آئی

شبانہ اعظمی نے اپنی ٹوئٹ میں مداحوں کو اپنی صحت یابی سے متعلق آگاہ کیا اور بتایا کہ اب وہ ہسپتال سے گھر آ چکی ہیں۔ اداکارہ نے اپنی تصویر بھی شیئر کی جس میں انہیں کچھ کمزور حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔

اداکارہ نے ہسپتال سے ڈسچارج کیے جانے پر ہسپتال انتظامیہ کا بہتر علاج کرنے اور بہتر خیال رکھنے پر شکریہ بھی ادا کیا اور ساتھ ہی انہوں نے مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔

خیال رہے کہ شبانہ اعظمی کے روڈ حادثے کے بعد بھارتی خاتون صحافی، فوٹوگرافر، تنقید نگار اور بلاگر سنجکتا باسو نے اداکارہ کے حادثے سے متعلق سوالات اٹھا کر کئی لوگوں کو سوچنے پر مجبور کردیا تھا۔