ھفتہ 20 اپریل 2024

طالبہ نے ہراساں کرنے پر نوجوان کی دھلائی کردی، ویڈیو وائرل

نئی دہلی(دھرتی نیوز ڈیسک)  بھارت میں طالبہ نے ہراساں کرنے پر نوجوان کی دھلائی کردی جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست یوپی کے ضلع میرٹھ میں اسکول کی طالبہ نے ہراساں کرنے والے نوجوان کی پٹائی کردی، نوجوان طالبہ سے معافی مانگنے پر مجبور ہوگیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ طالبہ نوجوان کو چھڑی سے مار رہی ہے اور اسے یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ تم نے ہمت کیسے کی مجھے ہراساں کرنے کی۔

متاثرہ لڑکی کا کہنا تھا کہ لڑکا اپنے دوست کے ہمراہ متعدد بار راستہ روک کر انہیں ہراساں کررہا تھا۔

پولیس کے مطابق واقعہ میرٹھ کے بازار میں پیش آیا جہاں اسکول کی دو لڑکیوں کو مبینہ طور پر نوجوان کی جانب سے ہراساں کیا جارہا تھا، جب لڑکوں نے فرار ہونے کی کوشش کی تو ایک راہگیر نے انہیں پکڑ لیا، دونوں لڑکوں نے معافی کی درخواست کی تو لڑکی نے انہیں چھڑی سے مارنا شروع کردیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دونوں لڑکوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے طالبہ کی شکایت موصول ہونے کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

Facebook Comments