منگل 23 اپریل 2024

کھانا لیٹ ہونے پر خاتون اور ڈلیوری بوائے کے درمیان ہاتھاپائی، جوتوں سے پٹائی کردی

نئی دہلی(دھرتی نیوز ڈیسک) بھارت میں کھانا لیٹ ہونے پر خاتون اور ڈلیوری بوائے کے درمیان ہاتھاپائی ہو گئی۔انڈیا ٹائمز کے مطابق یہ واقعہ بھارتی شہر بنگلور میں پیش آیا ہے جہاں ’زوماٹو‘کمپنی کا ڈلیوری بوائے کماراج آرڈر لے کر گیا تاہم وہ کافی تاخیر سے پہنچا۔ کھانا آرڈر کرنے والی چندرانی نامی خاتون پہلے سے مشتعل بیٹھی تھی۔

وہ ڈلیوری بوائے کے پہنچنے سے پہلے ہیلپ لائن پر زوماٹو کے کسٹمرکیئر آفیسر سے بھی لڑ چکی تھی اور آرڈر کینسل کر چکی تھی۔ کماراج کے پہنچنے پر وہ اس پر چلانے لگی اور واپس جانے کو کہہ دیا تاہم کماراج نے کھانے کی رقم اپنے کھاتے پڑنے کے خوف سے کھانا اس کے حوالے کر دیا۔ خاتون نے کھانا اندر رکھا اور واپس کسٹمرکیئر آفیسر سے بات کرنے لگی، جس نے کماراج سے کہا کہ وہ آرڈر واپس لے کر چلا جائے۔

 جب کماراج نے خاتون سے کھانا واپس مانگا تو اس نے انکار کر دیا، جس پر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی۔ خاتون نے پولیس کو اطلاع دی تھی کہ کماراج نے اس پر حملہ کیا ہے جس پر پولیس نے کماراج کو گرفتار کر لیا تاہم کماراج کا کہنا ہے کہ خاتون نے اس پر حملہ کیا تھا اور الٹا اسی کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ کماراج نے بتایا کہ جب میں کھانا واپس لیجانے لگا تو خاتون نے مجھے اپنا جوتا دے مارا اور گالیاں دینے لگی۔ میں نے ہاتھ سے جوتے کو روکا۔ اتنے میں خاتون قریب آئی مجھے دھکے دینے شروع کر دیئے۔ میں نے اسے روکنے کی کوشش کی۔ اسی کھینچا تانی میں اس کا اپنا ہاتھ اس کی ناک پر لگا اور ہاتھ میں پہنی انگوٹھی لگنے سے اس کی ناک زخمی ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق ہتیشا چندرانی نامی اس خاتون نے اپنے ٹوئٹر اکاﺅنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کی ہے جس میں اس کی ناک پر آئے زخم سے خون بہہ رہا ہوتا ہے۔پولیس نے کماراج کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

Facebook Comments