بدہ 24 اپریل 2024

پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے استعفوں کی مخالفت کردی، پیپلز پارٹی کے عشائیے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (دھرتی نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینیٹرز نے پارلیمان سے مستعفی ہونے کی مخالفت کردی۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ استعفوں کا فیصلہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا۔

زرداری ہاؤس اسلام آباد میں ہونے والے پیپلز پارٹی کے سینیٹرز کے عشائیے کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔ عشائیے میں گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ غلط تاثر دیا جا رہا ہے کہ کچھ سینیٹرز نے جان بوجھ کر غلط مہر لگائی، اپوزیشن کے کسی سینیٹر نے غلط مہر نہیں لگائی بلکہ سب نے یوسف رضا گیلانی کو ووٹ دیا اور انہیں تمام ارکان پر مکمل اعتماد ہے۔سیکرٹری سینیٹ نے امیدوار کے خانے میں کہیں بھی مہر لگانے کی ہدایت کی تھی۔ چیئرمین سینیٹ کے حوالے سے پریزائڈنگ آفیسر کا فیصلہ ہائیکورٹ میں چیلنج کریں گے اور وہاں سے انصاف کی پوری امید ہے۔

 بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے پارلیمان میں عمران خان کے خلاف بڑی کامیابیاں سمیٹی ہیں، وہ اعتماد کھو چکے ہیں، پارلیمان کے ذریعے حکومت کو ختم کریں گے۔ ان کی اس بات پر ارکان نے کہا کہ کامیابیاں جاری رکھنے کیلئے ضروری ہے کہ پارلیمان سے مستعفی نہ ہوں۔ اس تجویز پر چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ استعفے دینے یا نہ دینے کا فیصلہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے پلیٹ فارم سے کیا جائے گا، تمام اپوزیشن جماعتیں پی ڈی ایم کے پلیٹ فارم پر اکٹھی ہیں۔

Facebook Comments