جمعہ 19 اپریل 2024

سندھ ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جامع جواب طلب کرلیا

کراچی (دھرتی نیوز)سندھ ہائیکورٹ نے فیصل واوڈا کی درخواست پر الیکشن کمیشن سے جامع جواب طلب کرلیا ،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ پہلے الیکشن کمیشن کاجواب آنے دیں۔فی الحال الیکشن کمیشن کی کارروائی نہیں روک سکتے۔

 دھرتی  نیوز کے مطابق فیصل واوڈا کی الیکشن کمیشن کےخلاف درخواست کی سماعت ہوئی،فیصل واوڈا کے وکیل بیرسٹر معیز احمد،نمائندہ الیکشن کمیشن عدالت میں پیش ہوئے۔

جسٹس محمد علی مظہر نے وکیل سے استفسارکیا فیصل واوڈا نے دہری شہریت چھوڑی یا نہیں؟بیرسٹر معیز احمد نے عدالت کو جواب دیا کہ فیصل واوڈا دوہری شہریت چھوڑ چکے ہیں ، عدالت نے کہا توحلف نامہ جمع کرا دیں، سرٹیفکیٹ کیوں نہیں دیئے،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ آپ الیکشن کمیشن کو خود مطمئن نہیں کرناچاہتے،عدالت نے کہاکہ کیوں نہیں بتاناچاہتے کہ دہری شہریت کب چھوڑی،وکیل نے کہاکہ الیکشن اس موڈسے بیٹھا ہے کہ آج ہی نااہل کرنا ہے ۔

 نمائندہ الیکشن کمیشن نے کہاکہ ہم نے فیصل واوڈا سے بہت سادہ سے سوال کئے ،فیصل واوڈا نے الیکشن کمیشن کے سوالات کے جوابات نہیں دیئے ، عدالت نے ای سی پی نمائندہ سے استفسار کیاکہ آپ نے فیصل واوڈا کو کتنی بار بلایا؟نمائندہ الیکشن کمیشن نے کہاکہ کئی بار طلب کیا، آخری بار کو 50 ہزار کا جرمانہ کیا۔

جسٹس محمدعلی مظہر نے کہاکہ اسلام آبادہائیکورٹ فیصلے کیخلاف کیا سپریم کورٹ گئے؟عدالت نے کہاکہ اسلام آبادہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کو تحقیقات کرنے کی ہدایت دی ،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ آپ اسلام آباد ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ جائیں ، عدالت نے نمائندہ الیکشن کمیشن سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن کیا کررہا ہے ،عدالت نے کہاکہ لائیں کہاں ہے اسلام آبادہائیکورٹ کافیصلہ ؟شکایت کنندگان کی جانب سے وکلا کہاں ہیں ؟ فیصل واوڈا کے وکیل معیز احمد نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ پیش کردیا۔

 نمائندہ الیکشن کمیشن نے عدالت کو جواب دیتے ہوئے کہاکہ طویل عرصے سے کیس چل رہاہے، الیکشن کمیشن میں کیس فیصل واوڈا کی وجہ سے تاخیر کاشکار ہے،فیصل واوڈا کیس آگے چلنے دیتے اورنہ ہی جواب دے رہے ہیں ،نمائندہ ای سی پی نے کہاکہ الیکشن کمیشن میں کیس فیصل واوڈا کی وجہ سے تاخیر کاشکار ہے۔

عدالت نے کہاکہ فی الحال الیکشن کمیشن کی کارروائی نہیں روک سکتے،عدالت نے الیکشن کمیشن سے جامع جواب طلب کرلیا،جسٹس محمد علی مظہر نے کہاکہ پہلے الیکشن کمیشن کاجواب آنے دیں۔

Facebook Comments