جمعہ 19 اپریل 2024

عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے اور ریلیف کے لیے بڑا فیصلہ

لاہور(دھرتی نیوز)  وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے اہم اقدام سامنے آیا ہے، پنجاب ماڈل بازار مینجمنٹ کمپنی ختم کرکے سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کرلیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق عثمان بزدار کی زیرصدارت اجلاس ہوا، اس دوران پنجاب ماڈل بازارمینجمنٹ کمپنی ختم کرکےسہولت بازار اتھارٹی کے قیام کا فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ نے پنجاب سہولت بازار اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔ عثمان بزدار اتھارٹی کے پیٹرن انچیف اور صوبائی وزیر صنعت چیئرپرسن ہوں گے۔

پنجاب کے وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ سہولت بازاروں میں کسان پلیٹ فارم بھی لگائےجائیں گے، کسان پلیٹ فارم سےکاشتکاراپنی اشیابراہ راست فروخت کرسکیں گے، سہولت بازاراتھارٹی سہولت بازاروں کے قیام کو یقینی بنائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سہولت بازاروں کا دائرہ کار ہرضلع اور ہرتحصیل تک بڑھایا جائے گا، یہ بازارسال کے365دن فنکشنل رہیں گے، عوام کو مہنگائی سے نجات ملے گی، حقیقی معنوں میں ریلیف ملے گا، اتھارٹی صوبے بھر میں400سے زائد سہولت بازار قائم کرے گی، سہولت بازاروں میں اشیاضروریہ سرکاری نرخوں پرملیں گی۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ عوام کو ریلیف دینے اور پرائس کنٹرول کیلئے آخری حدتک جائیں گے۔

سہولت بازاروں کیلئے اراضی کی نشاندہی کا کام جلد مکمل کرنے کی بھی ہدایت کردی گئی۔ وزیراعلیٰ نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے جو کچھ ممکن ہواکرتی رہےگی، عوام کے حقوق کا ہرقیمت پر تحفظ یقینی بنائیں گے، عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا ہماری حکومت کا ایجنڈا ہے۔

Facebook Comments