جمعہ 29 مارچ 2024

امریکا میں فائرنگ : 6ایشیائی خواتین سمیت 8 افراد ہلاک

اٹلانٹا(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک)  امریکا کے دو اہم مقامات پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے جس میں مسلح افراد نے اندھا دھند گولیاں مار کر خواتین سمیت8افراد کو ہلاک کردیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا میں دو مختلف مقامات اٹلانٹا اور شیروکی کاؤنٹی میں گزشتہ روز فائرنگ کے دو واقعات میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہوگئے، حملے کے شبے میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔

اٹلانٹا اور اس سے تقریباً چالیس کلومیٹر دور شیروکی کاؤنٹی میں منگل کے روز ایک حملہ آور نے مساج پارلروں پر فائرنگ کرکے کم ازکم آٹھ افراد کو ہلاک کر دیا، مرنے والوں میں میں چھ ایشیائی خواتین شامل ہیں۔ پولیس نے مشتبہ حملہ آور کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

پولیس چیف راڈنی برائنٹ نے بتایا کہ اٹلانٹا میں فائرنگ کا یہ واقعہ سڑک کے دونوں طرف واقع دو مساج پارلروں میں پیش آیا۔ وہاں چار افراد ہلاک ہو گئے جب کہ ایک شخص زخمی ہوا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پولیس کو شام چھ بجے فون پر ایک جگہ ڈاکہ زنی کی اطلاع ملی۔ جب پولیس موقع پر پہنچی تو وہاں تین خواتین کو مردہ پایا گیا۔

پولیس چیف نے بتایا کہ ابھی پولیس اس واقعہ کی ابتدائی تفتیش کر ہی رہی تھی کہ اسے سڑک کے دوسری طرف واقع ایک اور جگہ سے فون کال موصول ہوئی، جہاں گولی لگنے سے ایک عورت کی موت واقع ہوگئی تھی اور ایک خاتون زخمی ہوگئی تھی۔

فائرنگ کا دوسرا واقعہ

اس سے قبل تقریباً پانچ بجے شام کو ایکورتھ میں بھی ایک مساج پارلر میں فائرنگ میں پانچ افراد کو گولی مار دی گئی۔ ان میں سے دو کی موقع پر ہی موت ہوگئی جب کہ تین دیگر زخمیوں کو ہسپتال لے جایا گیا لیکن ان میں سے دو ہسپتال میں چل بسے۔

شیروکی قصبے کے شیرف کے ترجمان کیپٹن جے بیکر نے کہا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اٹلانٹا اور شیروکی دونوں مقامات پر مساج پارلروں پر ہونے والے حملوں میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔

ذرائع کے مطابق ان ہلاکت خیز حملوں کے سلسلے میں پولیس نے منگل کے روز ایک21 سالہ شخص کو گرفتار کیا ہے۔ اسے ان واقعات کے چند گھنٹے بعد جنوب مغرب جارجیا سے گرفتار کیا گیا۔

شیروکی کاؤنٹی کے حکام نے اس گرفتاری کی تصدیق کی ہے تاہم حکام کا مزید کہنا ہے کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا متاثرین کو نسلی امتیاز کی وجہ سے گولیوں کا نشانہ بنایا گیا۔

Facebook Comments