ھفتہ 20 اپریل 2024

جاپان کا جوہری پلانٹ غیر محفوظ، حساس آلات سنگین خطرے کی زد میں

ٹوکیو(دھرتی نیوزانٹر نیشنل ڈیسک) جاپانی جوہری نگرانوں نے نیگاتا پریفیکچر میں واقع کاشیوازاکی کاریوا نیوکلیئر پلانٹ میں ایک سیکورٹی جھول کا تجزیہ کرتے ہوئے اسے انسدادِ دہشت گردی اقدامات کے نقطہ نظر سے انتہائی سنگین قرار دیا ہے۔

جوہری نگران ادارے کو اس پلانٹ کی منتظم ٹوکیو الیکٹرک پاور کمپنی ٹیپکو نے جنوری میں اطلاع دی تھی کہ ایک کارکن نے بلا اجازت داخل ہونے والوں کا سراغ لگانے والے حساس آلات کو حادثاتی طور پر نقصان پہنچایا تھا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق منگل کے روز پلانٹ سے متعلق اس تفتیش کے نتائج ادارے کے بند کمرہ اجلاس میں پیش کر دیے گئے۔

تفتیشی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ممکن ہے کہ دیگر سنسر آلات گزشتہ سال مارچ ہی سے خراب پڑے رہے ہوں اور ایسی صورت میں پلانٹ کئی مہینوں تک بلا اجازت داخلے کا پتا لگانے کی حالت میں نہ رہا ہو۔

ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ ٹیپکو کے سیکورٹی کے انچارج عملے نے یہ جانتے ہوئے بھی کوئی قدم نہیں اٹھایا کہ متبادل اقدامات غیر مؤثر ہوچکے تھے۔

اس سیکورٹی جھول کے بارے میں جوہری نگران ادارے کی عبوری رائے ہے کہ جوہری مواد کا تحفظ کرنے سے متعلق چار درجے کے خطرات میں یہ سنگین ترین تھا۔

Facebook Comments