بدہ 24 اپریل 2024

وہ ڈرائیونگ ٹپس جن پر عمل کرکے آپ اپنی گاڑی میں پٹرول کی کھپت کم کرسکتے ہیں

لندن(دھرتی نیوزانٹر نیشنل ڈیسک) ایک دیسی مقولہ ہے کہ گاڑی خریدنا آسان، مگر اسے رکھنا مشکل ہوتا ہے، یعنی اس کے تیل کا خرچ اٹھانا مشکل ہوتا ہے۔ اب کار لیز سپیشل آفرز کے ماہرین نے کچھ ایسی تدابیر بتا دی ہیں جن پر عمل کرتے ہوئے آپ گاڑی کی ایندھن کی کھپت کو خاطر خواہ کم کر سکتے ہیں۔ ڈیلی سٹار کے مطابق برطانوی ماہرین کا کہنا ہے کہ گاڑی کا انجن کبھی فضول مت سٹارٹ رکھیں۔ اگر آپ کہیں سگنل پر کھڑے ہیں یا ٹریفک میں پھنسے ہیں تو گاڑی کو سٹارٹ رکھنے کی بجائے انجن بند کر دیں اور ضرورت پر اسے سٹارٹ کر لیں۔ اگر آپ کی گاڑی میں ’سٹاپ سٹارٹ‘ کی ٹیکنالوجی ہے تو اس کا استعمال کریں۔

 دوسرے نمبر پر ماہرین کاکہنا ہے کہ گاڑی کی رفتارکی ایک حد مقرر کریں۔ اگرآپ دھیمی رفتار میں گاڑی چلائیں گے تو ایک طرف اس سے تیل کی بچت ہو گی اور دوسرے آپ اور سڑک پر سفر کرتے دوسرے لوگ بھی محفوظ رہیں گے۔ اس مقصد کے لیے سڑک پر جو حد رفتار مقرر کی گئی ہے اس سے چند میل کم پر گاڑی چلائیں۔تیسری تدبیر ماہرین نے یہ بتائی کہ گاڑی کو ریس آہستگی سے دیں اور بریک آہستگی سے لگائیں۔

ماہرین نے مزید تدابیر بتاتے ہوئے کہا کہ گاڑی میں غیرضروری سامان رکھ کر اضافی بوجھ مت ڈالیں۔ کار کی سروس باقاعدگی سے کروائیں۔ ٹائروں کا پریشر باقاعدگی سے چیک کرتے رہیں۔ اگر ٹائروں میں پریشر درست لیول پر رہے تو اس سے 5فیصد تک تیل کی بچت ہو سکتی ہے۔گاڑی کے دروازوں کے شیشے بند رکھیں۔ شیشے کھلے ہوں تو ہوا کے دباﺅ کی وجہ سے انجن کو اضافی طاقت صرف کرنی پڑتی ہے جس کے نتیجے میں زیادہ تیل خرچ ہوتا ہے۔گاڑی اے سی کے بغیر چلائیں اور اگر موسم زیادہ گرم ہو تو دروازوں کے شیشے کھولنے کی بجائے اے سی چلا لیں مگر اسے آہستہ رکھیں۔

Facebook Comments