جمعہ 29 مارچ 2024

امریکا نے چین کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیدیا

الاسکا(دھرتی نیوز انتر نیشنل ڈیسک) امریکا نے چین کو عالمی امن کیلئے خطرہ قرار دیدیا ہے جبکہ چین کا کہنا ہے کہ ہم اپنے اندرونی معاملات میں کسی دوسرے ملک کو دخل اندازی کی قطعی اجازت نہیں دیں گے۔

خیال رہے کہ چین اور امریکی عہدیداروں کے درمیان اہم مذاکرات کا دور جاری ہے۔ ریاست الاسکا میں ہونے والے ان مذاکرات کا مقصد دونوں ملکوں کے درمیان جاری سرد جنگ کے خاتمے پر بات چیت کرنا تھا لیکن اس کے دوران ہی دونوں جانب سے ایک دوسرے پر الزامات کی بوچھاڑ شروع کر دی گئی ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذاکرات میں شامل امریکا اور چین کے مندوبین ایک دوسرے کیخلاف انتہائی سخت بیان استعمال کر رہے ہیں۔ خیال رہے کہ جوبائیڈن اور شی جن پنگ انتظامیہ کے درمیان یہ پہلی ملاقات ہے۔

 امریکی سیکرٹری خارجہ اینٹونی بلنکن کا کیمرے کے سامنے کڑی تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ اس وقت عالمی امن کو سب سے زیادہ خطرہ چین کے طرز عمل سے ہے۔ اگر چین چاپتا ہے کہ امریکا کے اس کیساتھ تعلقات بحال ہو جائیں تو اسے چاہیے کہ اپنے معاملات پ نظر ثانی کرے۔

اینٹونی بلنکن کا کہنا تھا کہ ہمیں تائیوان، ہانگ کانگ اور سنکیانگ کے حوالے سے چینی معاملات، اس کے سائبر حملوں پر شدید تحفظات ہیں۔

دوسری جانب چینی عہدیداروں نے بھی یہ صرف امریکا کا گمان ہے کہ ہم اس کے جارحانہ رویے سے دب کر اپنے اصولی موقف پر کمپرومائز کر لیں گے۔ ہمیں سائبر حملوں کا ذمہ دار قرار دینے والا امریکا خود اس کا چیمپئن ہے۔

 چینی عہدیداروں نے کہا کہ ہمیں ایسی ذہینت کو ترک کرنا ہوگا جو سرد جنگوں کا باعث بنتی ہیں۔ امریکا اپنے موقف کو عالمی رائے عامہ کے طور پر پیش نہیں کر سکتا، امریکی عہدیدار صرف اپنے ملک کے نمائندے ہیں، پوری دنیا کے نہیں۔

Facebook Comments