ھفتہ 20 اپریل 2024

”آصف زرداری نے نوازشریف کو ٹیلیفون کیا تو اسحاق ڈار نے اٹھایا اور پھر دونوں میں تلخ کلامی ہوئی “نجی ٹی وی نے بڑا دعویٰ کر دیا

اسلام آباد(دھرتی نیوز) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم ) کے گرما گر م اجلاس کے بعد سابق صدر آصف علی زرداری اور مسلم لیگ (نواز) کے قائد نوازشریف کے درمیان رابطے کی کہانی سامنے آگئی۔

 دھرتی نیوز کے مطابق پی ڈی ایم کے اجلاس میں کافی گرما گرمی کا ماحول اس وقت دیکھنے میں آیا جب آصف زرداری نے نوازشریف سے ملک واپس آنے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی اسحاق ڈار کو تنقید کا نشانہ بنایا ، اس کے بعد اگلے ہی روز آصف زرداری نے اپوزیشن لیڈر کے نام پر مشاورت کیلئے نوازشریف کو لندن ٹیلیفون کیا ۔

 نوازشریف اس وقت گھر پر موجود تھے لیکن انہوں نے آصف زرداری سے بات نہیں کی ، جس پر اسحاق ڈار نے آصف زرداری سے ٹیلیفون پر گفتگو کا آغاز کیا ، اسحاق ڈار اور آصف زرداری کے درمیان گفتگو کے دوران سخت جملوں کا تبادلہ بھی ہوا ، آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ اعظم نزیر تارڑ کی بطور اپوزیشن لیڈر نامزدگی پر تحفظات ہیں، وہ بینظیر قتل کیس میں ملزمان کے وکیل تھے، پیپلز پارٹی کبھی ان کے نام پراتفاق نہیںکرے گی۔

آصف زرداری نے اسحاق ڈار کے ساتھ ٹیلیفونک گفتگو کے دوران بتایا کہ شیریں رحمان سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر کیلئے موزوں امیدوار ہیں ۔ سابق صدر کی گفتگو سننے کے بعد اسحاق ڈار نے تلخ انداز اپنایا اور کہا کہ نوازشریف آپ سے ناراض ہیں اور بات نہیں کرنا چاہتے ، ٹیلیفون کا سپیکر آن ہونے کے باعث اسحاق ڈار اور آصف زرداری کے درمیان ہونے والی تلخ گفتگو براہ راست بلاول بھٹو زرداری نے بھی سنی ۔ذرائع کا کہناہے کہ اسحاق ڈار کی سخت گفتگو کے بعد زرداری نے فون بند کردیا۔

 نجی ٹی وی کا ذرائع کے حوالے سے کہناتھا کہ دوسری جانب ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی اور پرویز رشید کو ٹاسک بھی سونپا گیاہے جبکہ گزشتہ روز کراچی میں ایک اہم ترین خفیہ میٹنگ ہوئی ہے جس میں ن لیگ کی قیادت نے پیپلز پارٹی کی قیادت کو اعظم نذیر تارڑ کے نام پر رضا مند کرنے کیلئے کوشش کی اور گلے شکوے دور کرنے کیلئے بھی بات چیت کی لیکن دونوں جانب سے برف پگھلتی ہوئی دکھائی نہیں دیتی ہے ۔ن لیگ کی قیادت نے اس میٹنگ میں یہ بھی بتایا کہ فیصل واوڈا کی خالی ہونے والی سیٹ پر ن لیگ کے مفتاح اسماعیل امیدوار ہوں گے ۔

Facebook Comments