جمعرات 25 اپریل 2024

روسی صدر نے کون سی کرونا ویکسین لگوائی؟

ماسکو(دھرتی نیوز انٹرنیشنل ڈیسک) روسی صدر ولادی میر پیوٹن نے کرونا وائرس ویکسین لگوا لی۔

تفصیلات کے مطابق روسی صدر کے پریس سیکریٹری دمتری پیسکوف نے بتایا کہ صدر مملکت نے بھی کرونا وائرس کے خلاف ویکسین لگوا لی ہے ۔

دمتری پیسکوف کا کہنا تھا کہ صدر پیوٹن ویکسین لگوانے کے بعد بہتر محسوس کر رہے ہیں، اور کل سے معمول کا کام شروع کر دیں گے۔

پریس سیکریٹری نے یہ نہیں بتایا کہ روسی صدر نے کون سی روسی کرونا وائرس ویکسین لگوائی ہے۔

واضح رہے کہ ترجمان کریملن نے اس سے قبل کہا تھا کہ کریملن نے یہ معلومات ظاہر نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیوں کہ تینوں روسی ویکسینز مکمل قابل اعتماد اور مؤثر ہیں۔

دوسری طرف روسی صدر نے دیگر ممالک کے سربراہان کی طرح عوام میں ویکسین لگوانے کو بھی ترجیح نہیں دی۔

یاد رہے 17 دسمبر 2020 کو اپنی سالانہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پوتن نے وعدہ کیا تھا کہ وہ جلد سے جلد کرونا وائرس کے انفیکشن کے خلاف ویکسین لگوائیں گے۔

صحافیوں نے جب سوال کیا کہ پیوٹن ویکسی نیشن کی تشہیر کیوں نہیں کرنا چاہتے تو پیسکوف نے جواب دیا کہ صدر نے اس ایونٹ کو ریکارڈ کرنا پسند نہیں کیا، وہ نہیں چاہتے تھے کہ کیمرے کے سامنے ویکسین لگوائیں۔

دوسری طرف غیر ملکی میڈیا نے یہ سرخی جمائی کہ روسی صدر پیوٹن نے بند دروازے کے پیچھے کرونا ویکسین لگوائی۔

Facebook Comments